• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبرپختونخوا بار کونسل ، مہمند بار کو نمائندگی نہ دینے پر رٹ ، جواب طلب

پشاور(نیوزرپورٹر)پشاور ہائیکورٹ نے خیبرپختونخوا بارکونسل کی نمائندگی دینے کیلئے مہمند بار ایسوسی ایشن کی رٹ پر صوبائی حکومت اور بارکونسل سے 11نومبر تک جواب مانگ لیا۔ جسٹس لعل جان خٹک اور جسٹس ارشد علی پرمشتمل دورکنی بنچ نے کیس پر سماعت شروع کی تو مہمند بار ایسوسی ایشن کے صدر گل رحمان مہمند اورحبیب اللہ مہمند ایڈووکیٹس نے عدالت کوبتایا کہ 25ویں ترمیم کے بعد قبائلی اضلاع خیبرپختونخوا میں ضم ہوگئے تھے جسکے بعد صوبے میں نافذ قوانین بھی ان اضلاع میں لاگو ہوچکے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ مہمند سمیت تمام ضم اضلاع کی بارایسوسی ایشنز خیبربارکونسل کیساتھ رجسٹرڈ ہوچکی ہیں تاہم انہیں تاحال نمائندگی دینے اوربارکونسل کے انتخابات میں ووٹ استعمال کرنے کا حق نہیں دیاگیا جبکہ انہیں بتایاگیا ہے کہ ضم اضلاع کو بارکونسل میں پانچ سال بعد نمائندگی دی جائیگی۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ مہمند بارایسوسی ایشن سمیت تمام سات اضلاع کی بار ایسوسی ایشنز کو بھی بارکونسل میں نمائندگی دینے کیساتھ ساتھ انتخابات میں ووٹ ڈالنے کا حق دینے کیلئے احکامات جاری کئے جائیں ۔دو رکنی بنچ نے دلائل مکمل ہونے پر صوبائی حکومت اور بارکونسل کو نوٹسز جاری کرکے جواب طلب کرلیاہے۔
تازہ ترین