کراچی کے علاقے ڈیفنس میں دو دریا کے مقام پر سمندر کے کنارے بنے ریسٹورنٹس کے مالک نے شکایت کی ہے کہ کلفٹن اور ڈیفنس سے دو دریا کی طرف جانے والی سڑکوں پر گڑھا کھود کر راستے بند کر دیئے گئے ہیں۔
دو دریا کی طرف جانے والی دیگر چھوٹی موٹی سڑکوں پر بھی رکاوٹیں کھڑی کر دی گئی ہیں اور گاڑیوں کے علاوہ دو دریا کی طرف پیدل آنے جانے والے افراد کو بھی روکا جا رہا ہے۔
ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی یا کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے اس سلسلے میں کوئی اعلان تو جاری نہیں کیا گیا مگر ریسٹورنٹ مالکان نے الزام عائد کیا ہے کہ یہ سب کچھ انتظامیہ کی جانب سے کیا جارہا ہے اور راستوں کی بندش سے ریسٹورنٹس جانے والے افراد کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔
سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کرنے کے علاوہ گڑھے بھی کھودے گئے ہیں، ریستوران مالکان کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے گزشتہ کئی ماہ سے ان کا کاروبار بند ہونے کے برابر ہے اب نئی صورتحال ان کے معاشی قتل کے برابر سمجھی جارہی ہے۔