• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موسم سرما سے قبل کئی علاقوں سے گیس غائب، شہری سراپا احتجاج

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) موسم سرما کی آمد سے قبل ہی شہر کے مختلف علاقوں میں قدرتی گیس کی قلت شروع ہوچکی ہے جس سے لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ اس بے لگام مہنگائی میں ایل پی جی کے مہنگے سلنڈر خریدیں یا دیگر بنیادی ضرورتیں پوری کریں، وزیراعظم عمران خان سے اپیل کرتے ہیں کہ سب سے پہلے گھریلو صارفین کی ضرورت پوری کرنے کیلئے احکامات جاری کئے جائیں۔ ویسٹریج بازار اور ویلی روڈ سمیت ارد گرد کے صارفین جنہیں گزشتہ کچھ عرصہ سے گرمیوں میں بھی مکمل طور پر یہ بنیادی سہولت میسر نہیں ہوتی کا کہنا ہے کہ ہمارے علاقوں میں گزشتہ کئی ہفتوں سے انتہائی کم پریشر کیساتھ مخصوص وقت میں قدرتی گیس مل رہی ہے۔ چوبیس گھنٹوں کے دوران مختلف اوقات میں زیرو پریشر کے ساتھ گیس آتی ہے جس پر کھانا بنانا ممکن نہیں ہوتا ۔متاثرین کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے موجودہ دور میں بالخصوص انتہائی محدود بجٹ کے حامل نوکری پیشہ افراد کیلئے ماہانہ ہزاروں روپے کے ایل پی جی سلنڈر خریدنا ممکن نہیں لہٰذا وزیراعظم اور ایس این جی پی ایل حکام عوام کی حالت پر رحم کریں۔
تازہ ترین