• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنوبی بلوچستان کی ترقی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم عمران خان


وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پچھلے ادوار میں جنوبی بلوچستان نظر انداز رہا، یہاں لوگوں کو غربت اور پسماندگی کا سامنا رہا، موجودہ حکومت نے اس علاقے کی ترقی کو اولین ترجیح دی ہے۔

وزیرِاعظم کی زیرِ صدارت جنوبی بلوچستان کے پسماندہ علاقوں کے ترقیاتی منصوبوں پر اجلاس ہوا۔

اس حوالے سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزراء سمیت آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) لیفٹننٹ جنرل فیض حمید نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں صوبائی وزیرِ تعلیم سرداریار محمد رند، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹننٹ جنرل محمد وسیم اشرف بھی شریک ہوئے۔

اجلاس کو جنوبی بلوچستان بالخصوص خضدار، آوران، چاغی، خاران، واشک، لسبیلہ، گوادر، پنجگور اور تربت سمیت جنوبی بلوچستان کے لیے سڑکوں، توانائی، پانی ذخیرہ کرنے کے منصوبوں سمیت ترقیاتی پیکیج پر بریفنگ دی گئی۔

جنوبی بلوچستان میں تعلیم، صحت، زراعت، مویشی، ماہی گیری اور دیگر منصوبوں پر بھی اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ جنوبی بلوچستان پچھلے ادوار میں نظر انداز رہا، ماضی میں بلوچستان کے لوگوں کو غربت اور پسماندگی کا سامنا رہا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت نے بلوچستان کی ترقی کو اولین ترجیح دی ہے۔

گوادر کی بندرگاہ کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گوادر بندرگاہ خاص اہمیت کی حامل اور ملکی ترقی کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔

انھوں نے یہ بھی بتایا کہ کہ وہ بہت جلد جنوبی بلوچستان کے کچھ علاقوں کا دورہ بھی کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ جنوبی بلوچستان کے عوام کے لیے جامع ترقیاتی پیکیج کا اعلان بھی کریں گے۔

تازہ ترین