• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں کسٹمز ٹیم پر اسمگلرز کا حملہ، ملزمان پولیس اہلکار نکلے


کراچی کے علاقے منگھوپیر میں ہمدرد چیک پوسٹ کے قریب اسمگلرز نے کسٹمز ٹیم پر حملہ کردیا، تاہم کسٹمز ٹیم پر حملہ کرنے والے پولیس اہلکار نکلے، تینوں ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اسمگلرز کی جانب سے کسٹمز کی ٹیم پر گزشتہ روز حملہ کیا گیا، واقعہ کا مقدمہ کسٹمز ہمدرد چوکی انچارج علی حنیف بلوچ کی مدعیت میں درج کر لیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ کسٹمز کی ٹیم کا نادردن بائی پاس پر کچے میں اسمگلروں نے گھیراؤ کیا، مسلح افراد نے اپنا تعارف سی ٹی ڈی اہلکاروں کے طور پر کرایا۔

کسٹمز انچارج علی حنیف نے بتایا کہ مسلح افراد نے اہلکاروں سے چھالیہ سے لوڈ گاڑیاں چھڑواکر فرار کروادیں۔


علی حنیف کا کہنا ہے کہ علاقہ پولیس کے پہنچنے پر ملزمان بھاگ گئے، جبکہ کسٹم ٹیم نے تین ملزمان کو پکڑ کر منگھوپیر پولیس کے حوالے کیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار تینوں ملزمان کے خلاف کسٹمز کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار تینوں ملزمان پولیس اہلکار ہیں، جن کا تعلق سی ٹی ڈی گڈاپ اور ملیر سٹی تھانے سے ہے۔

تازہ ترین