• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گستاخانہ خاکوں سے متعلق میرا بیان توڑ مروڑ کر پھیلایا گیا، میکرون

گستاخانہ خاکوں سے متعلق میرا بیان توڑ مروڑ کر پھیلایا گیا، میکرون  


پیرس، ٹورنٹو(رضا چوہدری/نمائندہ جنگ، خبرایجنسی) فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے کہا ہے کہ گستاخانہ خاکوں سے متعلق میرا بیان توڑ مروڑ کر پھیلایا گیا۔

دوسری جانب کینیڈا کے وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو نے کہاہےکہ آزادی اظہار رائے کی حدود ہونی چاہئیں، دہشت گرد اور قاتل، مسلمان اور اسلام کی نمائندگی نہیں کرتے۔

ایک عرب ٹی وی کو انٹرویو میں فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کا کہنا ہےکہ گستاخانہ خاکوں کے حوالے سے مسلمانوں کے جذبات کو سمجھتا ہوں، گستاخانہ خاکے حکومت کے پروجیکٹ نہیں اور نہ ہی ان کو سرکاری حمایت حاصل ہے، میرے خیال کے مطابق اشتعال کی وجہ میرے حوالے سے منسوب جھوٹی باتیں ہیں، گستاخانہ خاکوں سے متعلق میرے بیان کو توڑ مروڑ کر پھیلایا گیا۔ 

ایمانوئل میکرون نے کہا کہ مقامی طور پر لوگ میرے بیان کو سمجھتے تھے اس وجہ سے یہاں کوئی ردعمل نہیں، میرے خیال میں یہ تاثر دیا گیا کہ میں گستاخانہ خاکوں کا حامی ہوں یہ گستاخانہ خاکے نجی صحافتی اداروں نے شائع کیئے جو حکومتی اجارہ داری سے آزاد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ اسلامی تعلیمات کو غلط طریقے سے پیش کرتے ہیں، اسلامی تعلیمات کی غلط تشریح کر کے قتل و غارت، تشدد اور اشتعال انگیزی پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے، اسلام کے نام پر جو چیز پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے وہ خود مسلمانوں کے مفاد کے خلاف اور ان کے لیئے وبالِ جان بن چکی ہے۔

تازہ ترین