کراچی (نیوز ڈیسک) پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن (پی بی اے) اور آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس) نے جنگ جیو کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کی رہائی کا مطالبہ کردیا ہے ۔
پی بی اے کے بلامقابلہ نئے عہدیداروں کے انتخاب کے بعد پہلے اجلاس میں ایڈیٹر انچیف جنگ جیو میر شکیل الرحمٰن کے معاملے کا جائزہ لینے کا مطالبہ کیا گیا۔ میر شکیل الرحمٰن کی 230؍ سے زائد روز غیر قانونی قید پرتشویش کا اظہار کیا گیا اور جلد از جلد رہائی ممکن بنانے کی اپیل کی گئی۔
ادھر 2020-21ء کیلئے پی بی اے میں میاں عامر کو چیئرمین ، سلمان اقبال کو سینئر وائس چیئرمین ، میر ابراہیم رحمٰن کو وائس چیئرمین ، شکیل مسعود کو سیکرٹری جنرل ، احمد زبیری کو جوائنٹ سیکرٹری اور محمد اطہر قاضی کو فنانس سیکرٹری منتخب کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن (پی بی اے) نے پاکستانی ریاست سے اپیل کی ہے کہ وہ جنگ/جیو کے ایڈیٹر ان چیف کے معاملے کا جائزہ لیں جنہیں حراست میں 200سے زائد دن ہوچکے ہیں جبکہ نیب تحقیقات اور ریمانڈ کافی عرصہ پہلے ختم ہوچکے۔
ان کے خلاف ریفرنس، نیب کی جانب سے انحصار کئے گئے مبینہ حمایتی ثبوت کے ساتھ، پہلے ہی عدالت میں دائر کئے جاچکے ہیں تاکہ ثبوت میں ردوبدل کا خطرہ نہ ہو۔
پی بی اے کا کہنا تھا کہ اگرچہ کسی بھی شہری کی طرح وہ قانون سے بالا تر نہیں تاہم پی بی اے اپیل کرتا ہے کہ انہیں آزاد شخص کے طور پر خود کے دفاع کی اجازت دی جاسکتی ہے تاکہ اس تاثر کو دور کیا جائے کہ غالباً ان کی گرفتاری کے پیچھے مقصد میڈیا کی آزادی کو روکنا اور پوری میڈیا صنعت کو سبق سکھانا ہے۔
قبل ازیں پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن (پی بی اے) کا سالانہ جنرل اجلاس کراچی میں ہوا جس میں ٹی وی اور ریڈیو کے ارکان کی اکثریت نے شرکت کی۔
ریڈیو ارکان میں سے ایف ایم 107 کےشیر اسفند یار خان، ایف ایم 106.2 کے شاہد جمال، ایف ایم89 کے نظافرین لاکھانی، ایف ایم 91 کے شازیہ عامر اور ایف ایم 105 کے ذوالفقار علی شاہ کو جنرل باڈی نے بلامقابلہ ڈائریکٹرز برائے پی بی اے بورڈ منتخب کرلیا۔
تین ٹی وی ارکان سٹی 42 کے محسن رضا نقوی، مہران ٹی وی کے غلام نبی مورائی اور نیو ٹی وی کے عبد الرحمان کو جنرل باڈی کی جانب سے متفقہ طور پر ’’الیکٹڈ ممبر کیٹگری‘‘ میں ڈائریکٹرز برائے پی بی اے بورڈ منتخب کرلیا گیا ہے۔
بعد ازاں بورڈ اجلاس میں منتخب ڈائریکٹرز نےسال 2020-21ء کیلئے پی بی اے کے بلامقابلہ نئے عہدیداران منتخب کئے جن میں دنیا ٹی وی سے میاں عامر کو چیئرمین، اے آر وائی سے سلمان اقبال کو سینئر وائس چیئرمین، جیو ٹی وی سے میر ابراہیم رحمان کو وائس چیئرمین، ڈان نیوز سے شکیل مسعود حسین کو سیکریٹری جنرل، آج ٹی وی سے احمد زبیری کو جوائنٹ سیکریٹری اور کے ٹی این سے محمد اطہر قاضی کو فنانس سیکریٹری منتخب کیا گیاہے۔
علاوہ ازیں آل پاکستان نیوزپیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس) نے حکومت اور ریاستی اداروں سے ایڈیٹر ان چیف جنگ / جیو گروپ میر شکیل الرحمان کی طویل قید کا جائزہ لینے اور ان کی جلد از جلد رہائی ممکن بنانے کی اپیل کی ہے ۔
جاری اعلامیے میں اے پی این ایس کے صدر حمید ہارون اور سیکرٹری جنرل سرمد علی نے کہا ہے کہ میر شکیل الرحمان کو قید میں 230 روز سے زائد کا عرصہ گزرچکا ہے۔ جب کہ نیب کی تحقیقات اور ریمانڈ بھی بہت پہلے ختم ہوچکا ہے۔
اس کے علاوہ ان کے خلاف جو ریفرنس تھا اور اس سے متعلقہ ثبوت جن پر نیب کا انحصار تھا، عدالت میں جمع کروائے جاچکے ہیں۔ لہٰذا ثبوت میں تبدیلی کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔ اے پی این ایس سے اس بات سے اتفاق کیا کہ پاکستان کے کسی بھی شہری کی طرح میر شکیل الرحمان بھی قانون سے بالاتر نہیں ہیں۔
تاہم، اے پی این ایس اپیل کرتا ہے کہ انہیں آزاد شہری کی حیثیت سے اپنے دفاع کا موقع فراہم کیا جائے۔ اس طرح یہ تاثر بھی ختم ہوگا کہ شاید ان کی گرفتار اور انہیں قید میں رکھے جانے کا مقصد احتساب نہیں بلکہ میڈیا کی آزادی کو کنٹرول کرنا اور پوری میڈیا صنعت کو سبق سکھانا ہے۔