• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انٹر بورڈ میں سنگین بے قاعدگیوں پر تیسری مرتبہ تحقیقاتی کمیٹی قائم

کراچی(اسٹاف رپورٹر) اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی میں موجودہ چیئرمین بورڈ کے دور میں سنگین بے قاعدگیوں پر تیسری مرتبہ تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی گئی ہے جو 7؍ روز میں رپورٹ پیش کرے گی تاہم اس مرتبہ بےقاعدگیوں کی تحقیقات نیب کی ہدایت پر کی جارہی ہے اس سے قبل سابق سیکرٹری بورڈز و جامعات محمد حسین سید کے دور میں جامعہ کراچی کے ناظم امتحانات کی سربراہی میں مشتمل کمیٹی نے اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی میں سنگین بے قاعدگیوں کی تحقیقات کیں مگر کوئی کارروائی نہیں کی گئی پھر دوسری مرتبہ سیکرٹری بورڈز و جامعات ریاض الدین کے دور میں معاملات جب زیادہ سنگین ہوگئے تو بےقاعدگیوں کی جانچ کیلئے ڈائریکٹر لیگل مدثر کی سربراہی میں کمیٹی بنائی گئی جس کی رپورٹ میں ہوشربا انکشافات کئے گئے تھے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ ناظم امتحانات شجاعت ہاشمی نے متنازع امتحانی مراکز قائم کئے اور وہ غیرذمہ دار اور نااہل افسر ثابت ہوئے ۔ بورڈ کے چیئرمین نے طلبہ کو فائدہ پہنچایا، انہیں نقل کی سہولت دی اور ان کے نمبرز غیرقانونی طور پر بڑھائے۔ رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ چیئرمین بورڈ میں انتظامی قابلیت نہیں، وہ بورڈ کے افسران شجاعت ہاشمی اور اسلم چوہان کے مشوروں پر عمل کرتے تھے جبکہ یہ افسران غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔ رپورٹ میں ناظم امتحانات شجاعت ہاشمی کو عہدے سے ہٹانے کی سفارش گئی تھی۔ رپورٹ میں چیئرمین بورڈ کے بارے میں کہا گیا تھا کہ چیئرمین بہت سی ایسی چیزوں میں ملوث ہیں جس کی اجازت قواعد نہیں دیتے تاہم وہ بورڈ آف گورنرز سے اپنی پسند اور خواہش کے مطابق فیصلے کرالیتے ہیں۔ تاہم سیکرٹری بورڈز و جامعات ریاض الدین نے اس رپورٹ پر ایکشن لینے کے بجائے معاملے کو دبا دیا تھا۔ ذرائع کے مطابق نیب کا خط کئی ہفتوں سے محکمہ بورڈز و جامعات کے دفتر میں پڑا تھا اور اس کو نظرانداز کیا جارہا تھا تاہم علم الدین بلو نے بطور ایڈیشنل چیف سیکریٹری محکمہ بورڈز و جامعات کا چارج لیتے ہی معاملے کی نزاکت کو سمجھا اور بے قاعدگیوں کی جانچ کیلئے ایڈیشنل سیکرٹری مدثر خان اور ڈپٹی سیکرٹری بورڈز ریاض حسین سہتو پر مشتمل کمیٹی قائم کردی ہے جو 7؍ روز میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔

تازہ ترین