• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ظلم کے بادل جلد چھٹیں گے، میر شکیل الرحمٰن باعزت بری ہونگے، مقررین


لاہور / کراچی (نمائندہ جنگ / اسٹاف رپورٹر) ایڈیٹر انچیف جنگ جیو گروپ میرشکیل الرحمٰن کی نیب کے ہاتھوں غیرقانونی گرفتاری کیخلاف ہفتے کے روز بھی لاہور میں ڈیوس روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں سینئر صحافیوں ظہیر انجم ،اویس قرنی کے علاوہ سیکرٹری جنگ ورکرز یونین محمد فاروق اعوان، رومیو جالب، عدنان ملک، محمد شفیق،منور حسین، محمد علی،افضل عباس،زاہد محمود، محمد اکبر،شمسی بلوچ، جنگ، جیو، دی نیوز، آواز کے ورکرز ودیگر شعبہ زندگی سے افراد نے شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ظلم کے بادل جلد چھٹیں گے، میر شکیل الرحمٰن باعزت بری ہونگے۔میر شکیل الرحمٰن کی غیرقانونی گرفتاری حکومت کی طرف سے میڈیا کو دبانے کی ایک کوشش ہے جس میں حکومت کسی صورت کامیاب نہیں ہو سکتی۔انکی گرفتاری انسانی حقوق کی پامالی ہے۔حق اور انصاف کی فتح ہو گی، نیب اور حکومت کو منہ کی کھانی پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ میر شکیل الرحمن کے مقدمے میں حکومت نے جو رویہ اپنا رکھا ہے اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ اس موقع پر میر شکیل الرحمٰن کے حق میں نعرے بازی اور انہیں فوری رہا کرنے کا مطالبہ کیاگیا ۔کراچی میں صحافی تنظیموں، جنگ جیو ایکشن کمیٹی کے زیراہتمام میرشکیل الرحمٰن رہائی احتجاجی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ جنگ اور جیو حق اور سچ کی پہچان ہیں،پورے ملک کے صحافی جنگ اور جیو کے خلاف کارروائی پر احتجاج کررہےہیں ، میر شکیل الرحمٰن کیخلاف مقدمہ جھوٹا ہے وہ جلد باعزت رہا ہوں گے۔ مسلم لیگ ن سندھ کے نائب صدر اقبال خاکسار نے کہا کہ میر شکیل الرحمٰن کو حبس بیجا میں رکھا گیا ہے، جنگ اور جیو حق اور سچ کی پہچان ہیں، پاکستان کے غریب عوام کو جینے کا حق دو ، حکیم محمد سعید مرحوم نے جو انکشافات اپنی زندگی میں کئے تھے وہ بالکل درست ثابت ہوئے ہیں، آج ان کی کہی ہوئی باتیں ہمیں یاد آرہی ہیں کہ ایک ایسا شخص پاکستان کے اقتدار پر مسلط کردیا جائے گا جو کسی اور ملک کا ایجنڈا مکمل کرائے گا۔اس موقع پر سینئر صحافی، سیکرٹری جنرل ایپنک شکیل یامین کانگا، قومی اخبار گروپ کے سینئر صحافی سید حسن رضا شاہ جعفری، سینئر صحافی حیدر شیخ، سینئر وائس چیئرمین کراچی ایپنک رانا محمد یوسف اور جنرل سیکرٹری دی نیوز ایمپلائز یونین سی بی اے دارا ظفر نے بھی خطاب کیا۔

تازہ ترین