• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسلمان حکمران سیرت طیبہ ؐ کو مشعل راہ بنائیں،شان مصطفیٰ کانفرنس

لاہور ( وقائع نگار خصوصی )جامع مسجدمولانا احمدعلی لاہوری کے متولی جانشین امام الہدیٰ مولانا ڈاکٹر میاں محمداجمل قادری کی سرپرستی اور عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت لاہور کے سیکرٹری جنرل مولانا قاری علیم الدین شاکر کی میزبانی میں شان مصطفی ؐ کانفرنس جامع مسجد مولانا احمدعلی لاہوری اچھرہ میں ہوئی۔کانفرنس میں جمعیۃ علماء اسلام کے مرکزی رہنما مولانا یحیٰ عباسی، مولانا عبدالکریم ندیم، مولانا محمدرفیق جامی، قاضی مطیع اللہ، پیررضوان نفیس، انجیئنرحافظ نعیم الدین، مولانا عبدالنعیم، سمیت ہزاروں افرادنے شرکت کی۔ علماء نے کہاکہ نبی کریم ؐکی سیرت طیبہ ہمارے لیے مشعل راہ ہے،ہماری تمام ترمشکلات کا حل اسوئہ حسنہ کو اپنانے میں ہے، مسلم حکمرانوں کو چاہیے کہ سیرت طیبہ کو مشعل راہ بنائیں ۔ مولانا یحیٰ عباسی نے کہا کہ کہ فرانس میں توہین آمیز خاکوں کی اشاعت اورپھراس کی سرکاری پشت پناہی اربوں مسلمانوں کی دل آزاری کا سبب ہے حکو مت پاکستان، پارلیمنٹ اورسیاست دانوں کی طرف سے قراردادیں بیانات قابل تحسین ہیں، لیکن حکومتوں کاکام صرف مذمتی قراردادیں پاس کرنا نہیں ہوتا، بلکہ عملی اقدامات اٹھانے ہوتے ہیں، مولانا عبدالکریم ندیم نے کہا کہ آئین کی اسلامی دفعات، قانون تحفظ ناموس رسالت و تحفظ ختم نبوت کا ہر حال میں دفاع کیا جائے گا نبی کریم ؐکی حرمت اور منصب ختم نبوت کا تحفظ پوری امت مسلمہ کے ایمان کی بنیاد ہے۔مولانا علیم الدین شاکر نے ہا کہ توہین رسالت کا حقوق سے کوئی تعلق نہیں یہ جرم ہے اور مجرموں کے خلاف بین الاقوامی قوانین بننے چاہئیں۔ مولانا عبدالنعیم نے کہا کہ فرانس کے صدر نے گستاخانہ خاکے شائع کر کے کروڑوں مسلمانوں کے ایمانی جذبات مجروح کیے ہیں ۔عمرہ کی ٹکٹ جیتنے والے خوش نصیب افرادکو موقع پر ہی عمرہ کی ٹکٹ کی رقم دی۔
تازہ ترین