• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شبلی فراز پی پی قائدین کی کردار کشی کرکے والد کی روح کو تڑپا رہےہیں، لیاقت شباب

پشاور(نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی پشاور کے ڈویژنل صدر و سابق صوبائی وزیر لیاقت شباب نے کہا ہے کہ نوکری پکی کرنے کیلئے وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز پیپلز پارٹی کے قائدین کی کردار کشی کر کے اپنے عظیم والد احمد فراز کی روح کو تڑپا رہے ہیں۔ لیاقت شباب نے پیپلز پارٹی اکبر پورہ کے صدر سید جمیل شاہ اور جنرل سیکرٹری سید مصنف شاہ کی سربراہی میں ان سے ملاقات کرنیوالے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کے قائد شہید ذوالفقار علی بھٹو نے یوٹرن لینے عوام کے مفادات پر سودے بازی کرنے اور آمر جنرل ضیاءالحق کے سامنے جھکنے کی بجائے بڑی دلیری جرات و بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے پھانسی کا پھندہ قبول کیا جبکہ شبلی فراز کے قائد عمران نیازی نے چور دروازے سے اقتدار حاصل کرنے کے لئے جنرل پرویز مشرف سے این آر او حاصل کرنے کے بعد جمہوری حکومت کا تختہ الٹنے اور آئین توڑنے والے آمر جنرل پرویز مشرف کے جعلی ریفرنڈم کی بڑھ چڑھ کر حمایت کی لیکن جب پرویز مشرف کی طرف سے عمران نیازی کو وزیراعظم بنانے کی بجائے جھنڈی دکھائی گئی تو عمران نیازی کی طرف سے آمر کے ریفرنڈم کی حمایت پر نادم ہو کر قوم سے معافی مانگی جبکہ عمران نیازی کی طرف سے جمہوریت کا بوریا بستر گول کرنے کے لئے 2014میں اسلام آباد میں چار ماہ تک دھرنا دیا گیا۔ ایمپائر کی مدد کے بغیر پی ٹی آئی2008کے الیکشن میں پورے ملک میں قومی اسمبلی کی صرف ایک نشست پر کامیابی حاصل کر سکی۔ ایمپائر کی مدد سے پی ٹی آئی2013میں خیبر پختونخوا میں حکومت بنانے میں کامیاب ہوئی جبکہ 2018کے انتخابات میں مرکز پنجاب اور خیبر پختونخوا میں حکومت بنانے میں کامیاب ہوئی۔ پیپلز پارٹی کے قائد ذوالفقار علی بھٹو عوام کی حمایت سے دوباروزیراعظم منتخب ہوئے شہید بے نظیر بھٹو بھی وزیراعظم منتخب ہوئیں جبکہ آصف علی زرداری صدر منتخب ہوئے۔ پیپلز پارٹی اب بھی عوام کے دلوں پر راج کر رہی ہے جبکہ پی ٹی آئی عوام کی حمایت سے محروم ہو چکی ہے۔ دریں اثنا پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ کے رہنمائوں کی طرف سے الیکشن کمشنر سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ صوبائی اسمبلی پی کے 63نوشہرہ کے لئے ہونے والے ضمنی الیکشن میں سرکاری وسائل کے بے دریغ استعمال اور وفاقی وزیر کی طرف سے انتخابی قوانین کی خلاف ورزی کا نوٹس لیا جائے پیپلز پارٹی کے ڈویژنل صدر و سابق صوبائی وزیر لیاقت شباب پیپلز پارٹی ضلع نوشہرہ کے جنرل سیکرٹری سید افتخار علی شاہ، صوبائی نائب صدر ملک باقر شاہ، ڈپٹی جنرل سیکرٹری معظم شاہ، مسلم لیگ خیبر پختونخوا کے صوبائی ترجمان اختیار ولی خان اور مسلم لیگ ضلع نوشہرہ کے ڈسٹرکٹ آرگنائزر حاجی نواب خان نے الیکشن کمشنر سے حلقہ پی کے 63کے ضمنی الیکشن میں حکمران جماعت کے امیدوار کو شکست بے بچانے کے لئے سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کیا جا رہا ہے جبکہ وفاقی وزیر پرویز خٹک انتخابی قوانین کی دھجیاں بکھیر رہے ہیں ضمنی الیکشن کے سلسلے میں انتخابی مہم کے دوران وفاقی وزیر پرویز خٹک کی طرف سے عوام کو دھوکہ دینے کے لئے ترقیاتی منصوبوں کے جھوٹے اعلانات کئے جا رہے ہیں ضمنی الیکشن میں شکست حکمران جماعت کا مقدر بن چکی ہے۔ ضمنی الیکشن مہنگائی کے خلاف ریفرنڈم ہو گا اور وفاقی وزیر پرویز خٹک کے قبضہ گروپ کا صفایا ہو جائے گا۔
تازہ ترین