• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

10 گرام چرس رکھنے، استعمال کی اجازت کی درخواست مسترد


سندھ ہائی کورٹ نے 10 گرام چرس رکھنے اور اس کے استعمال کی اجازت دینے کی درخواست مسترد کر دی۔

سندھ ہائی کورٹ کے جج جسٹس محمد علی مظہر نے درخواست گزار غلام اصغر سائیں پر اظہارِ برہمی کیا ہے۔

جسٹس محمد علی مظہر نے استفسار کیا کہ یہ آپ کیسی درخواست لے کر آئے ہیں؟ کیا آپ چاہتے ہیں کہ سب لوگ چرس پینا شروع کر دیں؟ بتائیں آپ پر کتنا جرمانہ لگایا جائے؟

درخواست گزار غلام اصغر سائیں نے کہا کہ غریب آدمی ہوں، مفادِ عامہ کی درخواست لے کر آیا ہوں، دنیا کے بیشتر ممالک میں چرس پینے کی اجازت ہے۔

جسٹس محمد علی مظہر نے درخواست گزار سے مکالمے میں کہا کہ چرس پینا ہے تو ان ممالک جائیں، یہاں اجازت نہیں ہے، ایسی درخواستیں عدالت میں کیوں لے کر آتے ہیں؟

درخواست گزار نے مزید کہا کہ اس سے ملک کی آمدنی بڑھے گی، ریونیو بڑھے گا۔


جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ نہیں چاہیئے ایسا ریونیو، آمدنی بڑھانے کے جائز طریقے ہوتے ہیں۔

عدالتِ عالیہ نے 10 گرام چرس رکھنے اور اس کے استعمال کی اجازت دینے کی درخواست مسترد کر دی۔

تازہ ترین