• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اعظم عمران خان نے شاعر مشرق اور عظیم مفکر ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے 143ویں یوم پیدائش کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر یوم اقبال کے موقع پر حکیم الامت کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا افکارِ اقبال متاثر کرنے کے ساتھ ساتھ پیہم رہنمائی کر رہے ہیں۔

عمران خان نے عالم اسلام کے مشہور دانشور اور انقلابی مفکر ڈاکٹر علی شریعتی کا اقبال پر لکھا گیا ایک مضمون بھی شیئر کیا۔

عمران خان کی جانب سے شیئر کردہ علی شریعتی  کے مضمون کا آغاز کچھ یوں ہے۔

وہ (اقبال رحمتہ اللہ علیہ) مادیت کےخمیر سےاٹھنے والےخالص روح کےحامل عظیم صوفی ہیں جوبیک وقت سائنس، تکنیکی ترقی، اور ہمارے عہد میں انسانی منطق کی پیش قدمی کو تعظیم وتوقیر کی نگاہ سے دیکھتےہیں۔

خیال رہے کہ آج ڈاکٹر علامہ اقبال  کا 143 واں یوم ولادت منایا جا رہا ہے۔ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار، فردوس عاشق اعوان ، کور کمانڈر لاہور لیفٹینیٹ جنرل ماجد احسان سمیت مختلف سماجی و سیاسی شخصیات نے علامہ اقبال کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔

مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوئی. پاک نیوی کے دستے نے فرائض سنبھال لیے۔ اس سے قبل یہ ذمی داری پاک رینجرز کے پاس تھی۔

وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ ‏قوم حضرت علامہ اقبال کو آج کے دن زبردست خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال ایک تاریخ ساز شاعر،عظیم فلسفی اور مفکر تھے، خودی کا ولولہ انگیز پیغام دے کر دوسروں پر انحصار کے بجائے نوجوان نسل کو اپنی دنیا آپ پیدا کرنے کاحکیمانہ درس دیا۔

تازہ ترین