• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میرشکیل الرحمٰن کی ضمانت، مختلف شہروں میں مٹھائیاں تقسیم

جنگ گروپ اور جیو کے ایڈیٹر ان چیف میر شکیل الرحمٰن کی 241 دن کے بعد رہائی پر صحافیوں، وکلاء، تاجر سمیت سول سوسائٹی کے نمائندوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ مختلف شہروں میں مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔

کراچی میں 8 ماہ سے جاری احتجاجی کیمپ استقبالی کیمپ میں تبدیل ہوگیا۔ کیمپ میں صحافی، میڈیا ورکرز، وکلاء، مزدور سمیت سول سوسائٹی کے نمائندے شریک ہوئے۔

سینئر صحافی امتیاز خان فاران، شکیل یامین کانگا، دارا ظفر، اقبال یوسف، سلیم سومرو، امین بلوچ، رانا محمد یوسف، فہیم صابر سمیت پاکستان بار کونسل کے رکن، سینئر وکیل رہنما یاسین آزاد نے کہا کہ میر شکیل الرحمٰن کی رہائی آئین اور جمہوریت کی فتح ہے۔

راولپنڈی میں جنگ بلڈنگ کے باہر آزادی گلی میں اظہار تشکر کی تقریب ہوئی جبکہ لاہور میں سول سوسائٹی کے نمائندوں، جنگ، دی نیوز اور جیو ٹی وی کے ورکرز نے مٹھائی بانٹی۔

کوئٹہ میں جنگ ایمپلائز یونین کے صدر حماد ﷲ رند نے کہا کہ ایڈیٹر انچیف جنگ اور جیو میر شکیل الرحمٰن کو آزادی صحافت کیلئے قید وبند کی جدوجہد پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

سکھر پریس کلب میں مٹھائی تقسیم کی گئی۔ سینئر صحافی لالا اسد پٹھان کا کہنا تھا کہ امید کرتے ہیں میر صحافت میر شکیل الرحمٰن پر بنایا گیا جھوٹا مقدمہ بھی جلد ختم ہوگا۔

بہاولپور میں پریس کلب میں تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ صحافیوں نے ایک دوسرے کو مبارک باد پیش کی۔ شرکاء نے میر شکیل الرحمٰن کی صحت و تندرستی کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔

نواب شاہ میں سول سوسائٹی، صحافیوں اور وکلاء نے خوشی کا اظہار کیا اور مٹھائی تقسیم کی جبکہ کمالیہ پریس کلب میں بھی صحافیوں نے جشن منایا اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔

تازہ ترین