پنجاب کے دیگر شہروں کی طرح لاہور اور اس کے گردو نواح میں بھی کہیں ہلکی اور کہیں گہری اسموگ کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
اسموگ کو کنٹرول کرنے کے لیے پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی کارروائیاں بھی جاری ہیں۔
پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ریلیف کمشنر کے مطابق شہر میں اسموگ کو کنٹرول کرنے کے لیے دھواں چھوڑنے والی 5 ہزار 443 گاڑیاں بند کر دی گئی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ 487 صنعتی یونٹ سیل کیئے جا چکے ہیں، 3 ہزار 790 ایف آئی آر درج کی گئی ہیں جبکہ 218 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
ریلیف کمشنر پنجاب کا مزید کہنا ہے کہ شہر میں 116 اڈوں کو بندش کے لیے وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ دھند کے دنوں میں فضائی آلودگی پر کنٹرول کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی،اسموگ کے اثرات سے تحفظ کے لیے شہری ماسک کا استعمال یقینی بنائیں۔