مصنّف: بلونت سنگھ
صفحات: 416،قیمت: 900 روپے
ناشر:بُک کارنر، جہلم۔
بلونت سنگھ اُردو اور ہندی کے معتبر تخلیق کار کے طور پر یاد رکھے جاتے ہیں۔ برِّصغیر کی سیاست اور ادب کے لیے چالیس کا عشرہ بہت ہنگامہ خیز اور فیصلہ کُن رہا۔بلونت سنگھ کا اوّلین افسانہ بھی مذکورہ عشرے کے آغاز میں سامنے آیا۔لگ بھگ اگلے چار عشروں تک بلونت سنگھ ادبی طور پر فعال رہے۔ اس اثناء میں اُنہوں نے افسانے، ناول اور تنقید بھی لکھی۔ یہی نہیں، ڈرامے اور مزاحیہ مضامین بھی تحریر کیے۔ ’’چَک پِیراں کا جَسّا‘‘اُن کا ایسا ناول ہے، جو اُن کی اس صنف پر بَھرپور قدرت کی گواہی دیتا ہے۔
دیہات اور وہ بھی پنجاب کا، اور اُس پر سکھوں کے رہن سہن، روزمرّہ کے معمولات، اُن کی بودو باش، زبان ومحاورے، کردار، کہانی، مکالمے، غرض اس ناول کو پڑھنے کے بعد قاری کے سامنے مشرقی پنجاب کی ایک بَھرپور تصویر اُجاگر ہو جاتی ہے۔ ناول میں کئی مقامات ایسے آتے ہیں، جہاں قاری خود کو اُسی فضا میں محسوس کرتا ہے۔ اس ناول کی بارِدیگر اشاعت سے ناول پڑھنے والوں کو ایک خُوب صُورت سوغات میسّر آئی ہے۔