• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اگلے ماہ کورونا پابندیاں نرم کریں گے، پاسکل ڈونوہو

ڈبلن (معراج عابد) آئرلینڈ کے وزیر خزانہ پاسکل ڈونوہو نے کہا ہے کہ حکومت کی کوشش ہے کہ اگلے ماہ سے کوویڈ 19 کے حوالے سے نافذ پابندیوں کو نرم کیا جائے مگر یہ تب ہی ممکن ہے کہ ہم سب اپنی ذمے داری کا احساس کرتےہوئے اگلے دو ہفتہ تک حکومت کے جاری ایس او پیز پر عمل کریں۔ انہوں نے کہاکہ کابینہ کی آئندہ میٹنگ میں اس بات کا فیصلہ کیا جائے گا کہ آئندہ ماہ کون سے کاروبار کو کھولنے کی اجازت دی جائے۔ پاسکل ڈونو ہو نے کہا کہ ہمیں اس بات کا شدید احساس ہے کہ کرسمس کا تہوار ہم سب کیلئے بہت اہمیت رکھتا ہے مگر اس کے باوجود ہمیں آگے کے بارے میں سو چنا ہے، انہوں نے کہا وبا ابھی ختم نہیں ہوئی اس لیے یہ ضروری ہے کہ تمام احتیاطی تدابیر پر عمل کیاجائے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم این پی ایچ ای ڈی سے رابطہ میں ہیں، کاروباروں کوکھولنا اور لاک ڈائون میں نرمی کا فیصلہ ان کی تجاویز کی روشنی میں کیا جائے گا۔واضح رہے کہ وزیر خزانہ کا یہ بیان چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر ٹونی ہولہن کی جانب سے کوویڈ 19 کے حوالے سے دی جانے والی وارننگ کےبعد آیا جس میں بتایا گیا ہے کہ کورونا کےکیسی میں چند روز سے دوبارہ اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے اور گزشتہ روز کورونا کے 429 نئے کیسزرپورٹ ہوئے اور2010اموات ہوئیں۔ ڈاکٹر ہولہن نےموجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس ہفتہ عوام نے حکومتی ایس اوپی کو نظر انداز کیاجس کی وجہ سے قریبی رابطوں کی اوسط 2.6 سے بڑھ کر 3.2 تک پہنچ گئی جس سے نہ صرف کورونا کے کیسز میں اضافہ ہوابلکہ اموات بھی بڑھ گئیں اور اب تک کی جانی والی کوششوں کو شدید نقصان پہنچا ۔ دوسری جانب تاجروں کی تنظیم آئبیک نے حکومت کو شکایت کی ہے کہ نیشنل پبلک ہیلتھ ایمرجنسی ٹیم نے غیر ضروری طور پر کاروباری حلقہ کو اضطراب کا شکار کیاہوا ہے، اس لیے حکومت سے اپیل ہے کہ ملک کو لاک ڈائون کی سطح 5 سے نکالا جائے۔
تازہ ترین