• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیر، فاروق عبدﷲ کا الیکشن کمیشن کو خط، شفاف انتخابات کا مطالبہ

سری نگر(پی پی آئی) مقبو ضہ جموں و کشمیر کے سابق کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ فاروق عبدﷲ نے الیکشن کمیشن سے شفاف انتخابات کا مطالبہ کر دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ سیکورٹی کے نام پر امیدواروں کی سرگرمیاں محدود کی جارہی ہیں۔ 

ڈی ڈی سی انتخابات کے لئے عوامی اتحاد برائے گپکار اعلامیہ کے امیدواروں کی سرگرمیوں کو مبینہ طور پر سیکورٹی کے نام پر محدود کرنے کی شکایات کے پیش نظر فاروق عبدﷲ نے الیکشن کمشنر کے کے شرما کو ایک خط تحریر کیا ہے جس میں انہوں نے تمام امیدواروں کے لئے سلامتی کے شفاف اور مساوی انتظامات کا مطالبہ کیا ہے۔

بھارتی میڈیا ذرا ئع کے مطابق فاروق عبدﷲ نے خط میں تحریر کیا ہے کہ ایک حیران کن اور عجیب و غریب رجحان دیکھنے کو مل رہا ہے کہ عوامی اتحاد برائے گپکار اعلامیہ کی طرف سے کھڑے کئے جا رہے امیدوار کو سیکiورٹی کے نام پر فوری طور پر اٹھا کر کسی محفوظ مقام پر پہنچا دیا جاتا ہے اور ان کی سرگرمیوں کو وہیں تک محدود کیا جاتا ہے.

انہیں کسی بھی قسم کی انتخابی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی جارہی ہے جس کہ وجہ سے وہ اْن لوگوں سے کٹ کر رہ گئے ہیں جن سے انہیں ووٹ طلب کرنے ہیں۔

انہوں نے لکھا ہے کہ عوامی اتحاد میں شامل جماعتیں ماضی میں برسر اقتدار رہی ہیں اور ہمیں حکومت چلانے کا موقع بھی ملا ہے اور ہم سیکورٹی کے چیلنجوں سے بخوبی واقف ہیں اور یہ چیلنجز کوئی نئی بات نہیں ہیں اور ہم گذشتہ تین دہائیوں سے یہ چیلنجز تکلیف کے ساتھ برداشت کر رہے ہیں۔

تازہ ترین