• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فخر زمان بخار میں مبتلا، نیوزی لینڈ کی فلائٹ مس کر گئے، اسکواڈ کے منفی کورونا نتائج دورہ بچا لیا

فخر زمان بخار میں مبتلا، نیوزی لینڈ کی فلائٹ مس کر گئے


 کراچی(عبدالماجد بھٹی/ نمائندہ جنگ) پاکستانی کرکٹ ٹیم کی نیوزی لینڈ روانگی سے قبل تمام55کھلاڑیوں اور آفیشلز نے کورونا ٹیسٹ منفی آنے کے بعد سکون کا سانس لیا کیوں کہ اگر کسی کا ٹیسٹ مثبت آجاتا تو اس کا دورہ ختم ہوسکتا تھا۔ ٹیسٹ منفی آنے کے باوجود فخر زمان کو بخار کی وجہ سے فلائٹ پر سوار نہیں ہونے دیا گیا۔ نیوزی لینڈ میں کوویڈ 19نہ ہونے کے برابر ہے۔ کرکٹ نیوزی لینڈ نے پہلے ہی بتادیا تھا کہ اگر کسی کھلاڑی یا آفیشل کا ٹیسٹ مثبت آگیا تو اس کو اگلے ٹیسٹ کے منفی آنے کے بعد بھی جہاز پر سوار نہیں ہونے دیا جائیگا۔ مصباح الحق نے روانگی سے قبل لیکچر میں کہا کہ چوں کہ دو ہفتے ہم نیوزی لینڈ میں ایک دوسرے سے نہیں مل سکیں گے اس لئے میٹنگ میں میرا یہی پیغام ہے کہ جیت کیلئے کھیلنا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم منگل کو آکلینڈ سے چارٹرڈ فلائٹ پر کرائسٹ چرچ جائیگی جہاں ابتدائی تین دن ہر شخص کو تنہائی میں رہنا ہوگا ۔ اتوار کو مصباح الحق اور ڈاکٹر سہیل سلیم نے کھلاڑیوں پر واضح کیا کہ نیوزی لینڈ کی فوج براہ راست کورونا ایس او پیز کی نگرانی کرے گی اس لئے اگر ویسٹ انڈیز کی طرح کسی نے خلاف ورزی کی تو اسے سخت نتائج بھگتنا پڑسکتے ہیں۔ تین روزہ سیلف آئسولیشن کے بعد پاکستانی کرکٹرز اگلے گیارہ دن آٹھ آٹھ کے گروپ میں ٹریننگ کریں گے۔

تازہ ترین