• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیٹ فلکس سیریز’اے سوٹیبل بوائے‘ پر بھارت میں تنازع شروع

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)23اکتوبر کو اسٹریمنگ ویب سائٹ نیٹ فلیکس پر ریلیز ہونے والی بھارتی ویب سیریز ʼاے سوٹیبل بوائے میں ہندو لڑکی اور مسلمان لڑکے کے درمیان رومانوی مناظر دکھائے جانے پر تنازع شروع ہوگیا۔’اے سوٹیبل بوائے‘ نامی ویب سیریز میں مسلمان لڑکے اور ہندو لڑکی کے درمیان رومانوی مناظر کو مندر کے احاطے میں فلمائے جانے اور انہیں ویب سیریز میں دلفریب انداز میں دکھائے جانے پر لوگوں نے اسے ʼلو جہاد کا نام دے کر نیٹ فلیکس کے بائیکاٹ کی مہم بھی شروع کردی۔انتہاپسند ہندو خواتین کی جانب سے مسلمان مردوں سے محبت یا شادی کرنے کو ’لو جہاد‘ کا نام دیتے ہیں اور دعویٰ کرتے ہیں کہ مسلمان لڑکے ہندو لڑکیوں کو محبت کے جال میں پھنسا کر ان سے شادی کرنے کے بعد ان کا مذہب تبدیل کردیتے ہیں۔ علاوہ ازیں مذکورہ ویب سیریز میں ہندو لڑکی کو مسلمان لڑکے کے ساتھ مندر کے احاطے میں رومانوی مناظر میں دکھائے جانے پر نیٹ فلیکس کے خلاف پولیس میں شکایت بھی درج کروادی گئی۔غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ویب سیریز’ ʼاے سوٹیبل بوائے‘ کے خلاف حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے یوتھ ونگ کے رہنما گوروو تواری نے ریاست مدھیا پردیش میں مقدمہ بھی دائر کروادیا ہے۔گوروو تواری کی جانب سے نیٹ فلیکس کے خلاف مقدمہ دائر کروائے جانے کے بعد مدھیا پردیش کے وزیر داخلہ نے پولیس کو اسٹریمنگ ویب سائٹ اور سیریز کی ہدایت کارہ میرا نائر کے خلاف بھی کارروائی کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔مدھیا پردیش کے وزیر داخلہ نروتام مشرا نے بھی ویب سیریز میں مندر کے احاطے میں ہندو لڑکی اور مسلمان لڑکے کے رومانوی مناظر کو انتہائی نامناسب قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ہندوؤں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔

تازہ ترین