• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کی سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت شروع


نواز شریف کی سزا کے خلاف اپیلوں پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت شروع ہوگئی۔

اپیلوں کی سماعت جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل بنچ کررہا ہے، عدالت نے نوازشریف کی مسلسل عدم حاضری پر آج بذریعہ اشتہار طلب کر رکھا ہے۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل طارق کھوکھر نے کہا کہ عدالتی حکم پر عملدرآمد ہوگیا، 2 رپورٹس جمع کرا دی ہیں،جنگ لاہور اور لندن جبکہ ڈان لاہورمیں اشتہارات شائع کرائے گئے۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ یہ اشتہارات 19 اکتوبر 2019 کو شائع ہوئے، اشتہارات جاتی عمرہ اور ماڈل ٹاؤن کی رہائشگاہ پر بھی چسپاں کیے گئے، رائل میل کے ذریعے بھی نوازشریف کو عدالتی حکم سے آگاہ کیا گیا۔

خیال رہے کہ نواز شریف کے اسلام آباد ہائی کورٹ کے سامنے سرنڈر کرنے کی مہلت ختم ہوگئی اوردفتر خارجہ نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف جان بوجھ کر عدالت میں پیش نہیں ہورہے۔

دفتر خارجہ نے نوازشریف کی بذریعہ اشتہار طلبی کی تعمیل رپورٹ عدالت میں جمع کرواتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف جان بوجھ کر عدالت میں پیش نہیں ہورہے، وہ عدالت میں زیر سماعت کیس سے متعلق مکمل طور پر آگاہ ہیں۔

پاکستان اور بیرون ملک پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا میں ان کے اشتہار جاری ہونے کی خبر چلی ہے، ان کی لندن رہائش گاہ پر طلبی کا اشتہار رائل میل کے ذریعے موصول کرلیا گیا ہے۔

ہائی کورٹ نے نواز شریف کو آج بذریعہ اشتہار طلب کیا تھا لیکن وہ پیش نہ ہوئے۔ انہیں اشتہاری قرار دینے سے قبل عدالت کے سامنے سرنڈر کرنے کی مدت پوری ہوگئی۔

تازہ ترین