• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دنیا کی 100بااثر خواتین، ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور ماہرہ خان بھی شامل

اسلام آباد، لندن (نمائندہ جنگ، این این آئی) برطانوی نشریاتی ادارے کی جانب سے دنیا کی 100بااثر خواتین کی فہرست جاری کی گئی ہے جس میں2 پاکستانی خواتین کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

 اس فہرست کو 4کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے جس میں علم، قائدانہ صلاحیت، تخلیقی صلاحیت اور شناخت شامل ہے۔

دنیا کی 100بااثر خواتین کی فہرست میں وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر کو علم جبکہ اداکارہ ماہرہ خان کو تخلیقی صلاحیت کی کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔

فہرست میں فِن لینڈ کی وزیراعظم ثنا مرین سمیت مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی 100 خواتین کے نام شامل کئے گئے ہیں۔

دریں اثناءتخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈویژن سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ڈاکٹر ثانیہ نشتر کو تخفیف غربت، عالمی صحت و ترقی میں اہم کردار ادا کرنے پر اس اعزاز سے نوازا گیا جو پاکستان کیلئے ایک اعزاز کی بات ہے، اس سال 100بااثر ترین خواتین کی فہرست میں وہ خواتین شامل ہیں جوحالیہ عرصہ کے دوران معاشرے میں تبدیلی لانے اور اثرات مرتب کرنے کی وجہ بنیں۔

ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ کووڈ 19کے اثرات نے ہمیں زندگی میں ایک بار موقع فراہم کیا ہے کہ ہم انصاف پسند دنیا کے قیام کے ساتھ ساتھ غربت، عدم مساوات اور موسمیاتی تبدیلی کے بحران کا خاتمہ کرسکیں اس کیلئے خواتین کو برابری کی سطح پر بااختیاری حاصل ہونی چاہئے، ڈاکٹر ثانیہ نشتر عالمی صحت اور پائیدار ترقی کی علمبردار ہیں۔

وہ 2018سے تخفیف غربت کے پروگرام احساس کو چلا رہی ہیں جس کی بدولت موبائل فون بینکنگ، سیونگ اکائونٹس اور دیگر بنیادی وسائل کی فراہمی سے لاکھوں پاکستانیوں کے روزگار میں بہتری آئی ہے۔

تازہ ترین