• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیوزی لینڈ کے گریگ بارکلے آئی سی سی کے نئے چیئرمین منتخب

کراچی (اسٹاف رپورٹر) نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹیو گریگ بارکلے انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کے نئے چیئرمین منتخب ہوگئے ہیں۔ ان کی تقرری بھارت کے ششانک منوہر کی جگہ ہوئی ہے۔ آکلینڈ سے تعلق رکھنے والے گریگ بارکلے معروف کمرشل لائر اور 2012 سے نیوزی لینڈ کرکٹ کیلیے بطورچیف ایگزیکٹو کام کررہے ہیں، آئی سی سی کا چیئرمین منتخب ہونے کے بعد وہ یہ عہدہ چھوڑ دیں گے۔ اس وقت سنگاپور کے عمران خواجہ اس عہدے پر عارضی مدت کے لئے کام کررہے تھے۔گریگ بارکلے نے حمایت کرنے پر ارکان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کھیل کے فروغ کے لیے مل جل کر کام کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے، انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ عالمی کرکٹ برادری کورونا وبا سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نکلنے میں کامیاب ہوگی۔ انہوں نےعمران خواجہ کا بھی شکریہ ادا کیا۔ خیال رہے کہ پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی کو بھی اس عہدے کی پیشکش ہوئی تھی لیکن انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے عہدے کو اہمیت دی۔

تازہ ترین