• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے قانون سازی کی جائیگی‘ویمن کاکس فورم

کوئٹہ (خ ن)بلوچستان اسمبلی کی خواتین ارکان پر مشتمل ویمن کاکس فورم نے بلوچستان کی خواتین کو معاشی، اقتصادی اور سیاسی فیصلہ سازی کے عمل میں بااختیار بنانے اور معاشرے کے تمام شعبوں میں متحرک کردار کی ادائیگی کے لئے سازگار ماحول فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ویمن کاکس فورم کے توسط سے پانچ مختلف کمیٹیوں کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ ویمن کاکس فورم کا اجلاس چیئرپرسن ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی کی صدارت میں ہوا جس میں وائس چیئرپرسن زینت شاہوانی ایڈووکیٹ، جنرل سیکرٹری بشریٰ رند، انفارمیشن سیکرٹری شاہینہ کاکڑ، ٹریژرر بانو خلیل ارکان اسمبلی ماہ جبین شیرنں، زبیدہ خیرخواہ، لیلیٰ ترین بھی موجود تھیں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرپرسن ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ بلوچستان میں خواتین کو ہر شعبہ زندگی میں بااختیار بنانے کے لئے بلوچستان اسمبلی کے پلیٹ فارم سے موثر قانون سازی کی جارہی ہے اور اس ضمن میں بلوچستان کی خواتین ارکان اسمبلی متحرک کردار ادا کررہی ہیں۔ اجلاس میں ہیلتھ، لاء، ایجوکیشن، ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ سے متعلق پانچ مختلف کمیٹیوں کے قیام کا فیصلہ کیا گیا جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن بلوچستان اسمبلی سیکرٹریٹ جاری کرے گا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ویمن کاکس فورم کی جنرل سیکرٹری بشریٰ رند نے کہا کہ بلوچستان کاکس فورم کا متحرک کردار بلوچستان کی خواتین کے روشن مستقبل کی دلیل ہے بلوچستان کاکس فورم میں موجود خواتین ارکان اسمبلی کا یہ اعزاز ہے کہ موجودہ دور حکومت میں خواتین سے متعلق ریکارڈ قانون سازی ہوئی ہے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چیئرپرسن زینت شاہوانی ایڈووکیٹ نے کہا کہ بلوچستان کی خواتین کو معاشی و اقتصادی طور پر بااختیار بنانے کے لئے بے لوث جدوجہد جاری رہے گی اور خواتین کے مسائل کی نشاندہی کرکے حل کے لئے قابل عمل تجاویز اور حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کاکس فورم کی سیکرٹری اطلاعات شاہینہ کاکڑ نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کی اس جدوجہد کو نتیجہ خیز بنانے کے لئے بلوچستان اسمبلی میں کی جانے والی قانون سازی اور کاکس فورم کے اقدامات کو بہتر طور پراجاگر کیا جائے گا۔ اجلاس سے خلیل بانو، ماہ جبین شیران، زبیدہ خیر خواہ اور لیلیٰ ترین نے بھی خطاب کیا اور ویمن کاکس فورم کے پلیٹ فارم سے تحفظ نسواں کی جدوجہد جاری رکھنے کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔
تازہ ترین