• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خادم حسین رضوی نے ناموس رسالت کا پرچم بلند کیا،علامہ سجاد رضوی

ہیلی فیکس/بریڈفورڈ (زاہد انور مرزا) بریڈفورڈ کے جید علمائے کرام نے مرکزی سنی جمعیت علمائے برطانیہ کے پلیٹ فارم سے پاکستان کے معروف عالم دین علامہ خادم حسین رضوی کی وفات پر تعزیت کا اظہار اور انہیں شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔ علمائے کرام نے ان کی دینی اور سیاسی خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسا نڈر، بے باک اور دلیر رہنما رب تعالیٰ کی طرف سے خاص فضل اور عطا ہے، علامہ خادم حسین رضوی نے تحفظ ناموس رسالت کے پرچم کو بلند کیا اور پوری دنیا کے سامنے عظمت رسول کریم ﷺ کو اس طرح اجاگر کیا کہ اپنے تو اپنے اغیار بھی آپ کے حوصلے اور عزم کی داد دیئے بغیر نہ رہ سکے۔ معروف عالم دین اور ممتاز محقق علامہ محمد سجاد رضوی نے کہا کہ عزیمت و شجاعت اور علم و تحقیق کی شاندار داستان جو علامہ خادم حسین رضوی نے رقم کی اس کی ماضی قریب میں بلکہ دور دور تک مثال نہیں ملتی، وہ عظمت و رفعت رسولﷺ کے ایسے داعی تھے کہ ان کی اذان چار دانگ عالم میں گونجی اور لاکھوں عشاق نےان کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے ان کا ساتھ نبھایا، وہ اپنے عزم اور ارادے میں اتنے راسخ تھے کہ جہاں بیٹھے اس زمین کو عشق و محبت کا گلستاں بنادیا اور اپنے مطالبات منظور کروا کے ہی دم لیا، حقیقت یہ ہےکہ علامہ خادم رضوی صحرائے بے کراں میں ہمت و صداقت کی بے خوف للکار تھے۔علامہ خادم رضوی نے مختصر عرصے میں وہ شعوری انقلاب پیدا کیا جو دوسرے لوگ صدیوں میں نہیں کرسکتے، خلق خدا کا ہجوم ان کے پروگرامز اور احتجاجی ریلیوں میں کھنچا چلا آتا مگر ان کا جنازہ بلا مبالغہ 100 سالہ تاریخ میں انفرادی اور امتیازی حیثیت رکھتا ہے جسے صدیوں یاد رکھا جائے گا۔ مفتی محمد اسلم نقشبندی نے علامہ خادم رضوی کی وفات کو امت مسلمہ کیلئے ناقابل تلافی نقصان قرار دیا اور ان کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ علامہ محمد سرور مدنی، علامہ نواز جلالی، علامہ عبدالشکور سلطانی اور دیگر علماء و سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی وفات پر اظہار تعزیت کیا۔
تازہ ترین