• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ارزاں قیمت شیئرز مہنگے خریدنے کا معاملہ،چیئرمین ای او بی آئی نے تحقیقات کیلئے ڈپارٹمینٹل کمیٹی تشکیل دے دی

کراچی (اسد ابن حسن) چیئرمین ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹ انسٹی ٹیوشن اظہر حمید نے نجی بینک کے نہایت ارزاں قیمت شیئرز مہنگے داموں خریدنے، جس سے ادارے اور حکومتی خزانے کو تقریباً ساڑھے چار ارب روپے کا نقصان ہوا، اس کی تحقیقات کیلئے ایک ڈپارٹمینٹل انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ واضح رہے کہ اسی حوالے سے نیب بھی تحقیقات کررہا ہے اور گزشتہ ہفتے ادارے کے سات حاضر سروس اور تین ریٹائرڈ افسران کو لاہور طلب کرکے ان کے بیانات ریکارڈ کرچکا ہے۔ چیئرمین کی ہدایت پر تشکیل دی گئی کمیٹی کے ارکان میں ڈی جی فنانس اینڈ اکاؤنٹس مسز ناصرہ پروین خان، ڈی جی انوسٹمنٹ محمد دین چاکرانی، ڈپٹی ڈی جی فنانس اینڈ اکاؤنٹس حافظ ثاقب بٹ شامل ہیں جب کہ ڈی جی آڈٹ بلال عظمت خان کو ڈپارٹمینٹل نمائندہ مقرر کیا گیا ہے۔ انکوائری کمیٹی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ تحقیقات مکمل کرکے 14دن میں رپورٹ پیش کریں۔ جن افسران کو فہرست الزامات اور فرد جرم کے کاغذات وصول کروائے گئے ہیں ان میں سابق ڈپٹی ڈی جی انوسٹمنٹ اجمل خان، کئی برس سے معطل سابق ڈائریکٹر ایچ آر عاصمہ عامر، ایف آئی اے کے دو مقدمات میں نامزد اور معطل سابق ڈائریکٹر فنانس آصف آزاد دیگر افسران صلاح الدین، صدیق احمد اور عاصم رشید شامل ہیں۔

تازہ ترین