کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیوکے پروگرام ’’نیاپاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ‘‘ میں میزبان سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ہم پی ایم ایل این کی طرح ماڈل ٹاوٴن والا واقعہ نہیں دہرائیں گے ،رہنما پیپلزپارٹی سید موسیٰ گیلانی نے کہاکہ حکومت اپنی ضد چھوڑ دے اور ہمیں جلسے سے نہ روکے ،ایک دن کا جلسہ تھا لیکن حکومت نے اسے پورے ہفتے کا جلسہ بنا دیا،عمران خان کے پاس این آراودینے کا اختیار نہیں جن کے پاس ہے اور جنہیں این آراولینا ہے وہ ان سے لے لیں گے۔وفاقی وزیر فوادچوہدری نےکہا کہ وزیراعظم نے پی ڈی ایم کے کسی جلسے کوروکنے کی حمایت نہیں کی لیکن اجتماعات اورجلسوں پر پابندی کا فیصلہ این سی اوسی اوراین سی سی کا ہے ۔نیشنل کمانڈ کورونا اتھارٹی میں وزیراعلیٰ سندھ ،وزیراعلیٰ آزاد کشمیر بھی شامل ہیں اور تمام ممبران کی مرضی سے فیصلہ ہوا ہے کہ جلسوں پر پابندی عائد ہونا چاہئے ۔پی ڈی ایم اپنے عہدیداران کی باتوں کو نہیں مانتی ۔اپوزیشن عوام کی زندگیوں سے کھیل رہی ہے ،اگر اپوزیشن رہنماوٴں کو گرفتار کرلیا جائے تو کہا جائے گا حکومت ظلم کررہی ہے ۔