• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فوڈ سیفٹی اصولوں کی خلاف ورزی‘ پرنس روڈ کے ہوٹلز و ریسٹورنٹس کو جرمانہ

اکوئٹہ(خ ن)بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی اصولوں اور کورونا وائرس سے بچاؤ کی حکومتی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ریسٹورنٹس اور ہوٹلوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔بی ایف اے کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے اس سلسلے میں گزشتہ شب معائنے کے دوران پرنس روڈ پرپانچ معروف ہوٹلز اینڈ ریسٹورنٹس پر جرمانے عائد جبکہ متعدد کھانے پینے کے مراکزکو وارننگ نوٹسز جاری کئے ۔مذکورہ ہوٹلوں کے خلاف ممنوعہ و مضر صحت نان فوڈگریڈ کلرز ،چائنیز نمک و خراب سبزیوں کے استعمال ، کچن ایریا میں گندگی اور کورونا وائرس ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے کی بناء پر کارروائی کی گئی۔ ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی ابراہیم بلوچ نے اس ضمن میں کہا ہے کہ عوام کو معیاری اشیاء کی فراہمی و کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے حکومتی اور بی ایف اے کی خصوصی طور پر مرتب کردہ ایس او پیز پر عمل درآمد کرانے کے لئے بی ایف اے کی چیکنگ جاری رہے گی ،کھانے پینے کے مراکز میں فوڈ سیفٹی اور کورونا وائرس سے متعلق حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔علاوہ ازیں بی ایف اے حکام نے معائنے کے دوران ہوٹلوں کے منتظمین کو ہدایت کی کہ ورکرز سمیت گاہگ ماسک ضرور استعمال کریں ، سماجی فاصلہ برقرار رکھا جائے جبکہ گاہگوں کے جسمانی درجہ حرارت نوٹ کرنے اور مرکزی دروازے پر سینیٹائزر رکھنے سمیت دیگر تمام ضروری انتظامات کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔
تازہ ترین