• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کاون ہاتھی کو آج کمبوڈیا روانہ کیا جائے گا


اسلام آباد کے مرغزار چڑیا گھر میں زندگی کے 35 سال گزارنے کے بعد کاون ہاتھی کو آج کمبوڈیا روانہ کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق کاون کی منتقلی کے لیے ڈونرز نے خصوصی طیارہ ہائیر کیا ہے جو 29 نومبر یعنی آج اسلام آباد ایئرپورٹ سے کمبوڈیا روانہ ہو گا جبکہ کاون کے ہمراہ دو غیر ملکی ڈاکٹرز اور ٹیکنیل اسٹاف بھی ہوگا۔

1985ء میں مرغزار چڑیا گھر میں آیا سری لنکا سے پیارا سا تحفہ کاون ہاتھی 35 سال یہاں گزارنے کے بعد اب کمبوڈیا روانہ ہو رہا ہے جہاں وہ زندگی کے باقی ایام گزارے گا۔

بچوں کا دل بہلانے والے کاون نے اسلام آباد کے چڑیا گھر میں بہت مشکلات سہیں، کاون اپنی ساتھی ہتھنی کی موت کے بعد تنہائی کا شکار رہا، زنجیروں میں جکڑا گیا اور چڑیا گھر انتظامیہ کی لاپروائی کا شکار بھی رہا۔

کاون کے ساتھ زیادتی دیکھ کر امریکی پاپ گلوکارہ چیر اور رضاکاروں نے اس کی بہتر ماحول میں منتقلی کی مہم چلائی، سینیٹ نے بھی کاون کے ساتھ ناروا سلوک کا نوٹس لیا جس کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ نے کاون کی محفوظ مقام پر منتقلی کے احکامات جاری کیئے۔

کاون اپنی کٹھن زندگی کے باعث بہت خوفزدہ رہتا تھا، آسٹریا سے آئے ڈاکٹر امیر خلیل نے اس کا علاج کیا اور مختصر عرصے میں کاون کی زندگی میں خوش گوار تبدیلیاں لا کر اسے بیرونِ ملک منتقلی کے قابل بھی بنایا۔

کاون کی کمبوڈیا روانگی سے قبل الوداعی تقریب بھی منعقد کی گئی جس میں حکومتی شخصیات اور گلوکاروں نے بھی شرکت کی جبکہ صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی بھی اسے دیکھنے گئے۔

تازہ ترین