• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

او آئی سی نے مسئلہ کشمیر پر غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے، پاکستان

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ او آئی سی نے مسئلہ کشمیر کے لیے بھرپور اور غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔ او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس نے کشمیر پر قرار داد متفقہ طور پر منظور کی۔ 

ترجمان نے کہا کہ قرارداد میں وزرائے خارجہ کونسل نے مسئلہ کشمیر کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کیا۔ او آئی سی نے بھارت کے 5 اگست کے غیرقانونی اور یکطرفہ اقدامات کو مسترد کیا۔ 

انھوں نے کہا کہ قرارداد میں بھارت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ بھارت غیر کشمیریوں کو ڈومیسائل سرٹیفکیٹ جاری کرنا بند کرے اور جموں و کشمیر تنظیم نو آرڈر، ڈومیسائل سرٹیفکیٹ رولز واپس لے۔


ترجمان نے کہا کہ بھارت سے یہ بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ جموں و کشمیر لینگویج بل سمیت تمام غیر قانونی اقدامات واپس لے جبکہ قرارداد میں آر ایس ایس اور بی جے پی حکومت کی پالیسیوں کو بھی مسترد کردیا گیا ہے۔ 

ترجمان کے مطابق او آئی سی کے 57 ممالک نے بھارت سے متنازع علاقے کے موجودہ آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنے سے باز رہنے کو بھی کہا ہے۔

تازہ ترین