• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تین ہٹی، وکٹورین طرز کی اسٹریٹ لائٹس نصب کی جا رہی ہیں، ایڈمنسٹریٹر

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) ایڈمنسٹریٹر و کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے کہا ہے کہ تین ہٹی پل پر وکٹورین طرز کی اسٹریٹ لائٹس نصب کی جا رہی ہیں جبکہ فٹ پاتھوں پر نئی ٹائلیں لگائی گئی ہیں اور گرین بیلٹس پر پودے لگا کر اسے خوبصورت بنایا جائے گا، پل کی حفاظتی گرل کا کام مکمل کرلیا گیا ہے، یہ بات انہوں نے کراچی میں جاری مختلف سڑکوں کی تعمیر و مرمت، فلائی اوورز کے ایکسپینشن جوائنٹس کی تبدیلی، پلوں کو جدید طرز میں ڈھالنے اور ان کی تعمیر و مرمت کے حوالے سے منعقدہ ورکس ڈپارٹمنٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، ایڈمنسٹریٹر نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی اپنے وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے شہر میں تعمیر و مرمت کا کام جاری رکھے ہوئے ہے اور ترجیحی بنیادوں پر ایسی سڑکوں کی استرکاری کی جا رہی ہے جہاں ٹریفک کا شدید دباؤ ہے یا اس ٹکڑے کے باعث جس پر گڑھے پڑ گئے ہیں ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے، انہوں نے کہا کہ پلوں، ایکسپینشن جوائنٹس کی تبدیلی کا مقصد بھی ٹریفک کو رواں رکھنا ہے، انہوں نے کہا کہ تین ہٹی پل تزئین و آرائش کے بعد ایک ماڈل پل کی شکل اختیار کرلے گا اور اگر شہریوں نے اس کو پسند کیا تو شہر کے دوسرے پلوں کی تزئین وآرائش بھی اسی طرز پر کی جائے گی، انہوں نے محکمہ ورکس کو ہدایت کی کہ تمام کاموں میں معیار کا خاص خیال رکھیں اور معیاری مٹیریل اور سامان کا استعمال کریں، انہوں نے کہا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت بھی جلد منصوبے شروع کئے جائیں گے اور ایسے منصوبوں کو ترجیحی دی جائے گی جو گزشتہ سالوں سے زیر تعمیر ہیں۔

تازہ ترین