• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بے بس بھارتی بولرز کو آسٹریلیا نے تگنی کا ناچ نچا دیا، دوسرے میچ میں بھی بڑی فتح

بے بس بھارتی بولرز کو آسٹریلیا نے تگنی کا ناچ نچا دیا


سڈنی (جنگ نیوز) آسٹریلیا نےبھارتی بولز کو تگنی کا ناچ نچاتے ہوئے مسلسل دوسرا ایک روزہ میچ 51 رنز سے جیت کر سیریز کواپنے نام کرلیا۔ مہمان بولرز پہلے میچ کی طرح اتوار کو بھی بے بسی کی تصویر بنے رہے۔ اسٹیون اسمتھ نے سنچری اسکور کی، ہوم ٹیم کے ابتدائی پانچ بیٹسمینوں نے پچاس سے زائد کی اننگز کھیل کو منفرد ریکارڈ قائم کیا۔ 4 وکٹ پر 389 رنز کے جواب میں بھارت 9 وکٹ پر 338 رنز ہی بنا سکا، اسٹیو اسمتھ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور ڈیوڈ وارنر کے ساتھ اننگز اوپن کی اور پہلی وکٹ پر 142 رنز کی شراکت قائم کی۔ فنچ 60 رنز کی اننگز کھیل کر محمد شامی کا شکار بنے، انہوں نے 6 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔دوسری وکٹ ڈیوڈ وارنر کی گری،وہ 7 چوکے اور 3 چھکے لگا کر 83 رنز بناکر رن آئوٹ ہوگئے۔ اسٹیون اسمتھ نے ایک بار پھر شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے انتہائی جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 64 گیندوں پر 104 رنز کی برق رفتار باری کھیلی،ان کی اننگز میں 2 چھکے اور 14 چوکے شامل تھے۔ چوتھی وکٹ پر مارنس لبوشین اور میکسویل نے 45 گیندوں پر 80 رنز بنائے، میکسویل نے 29 گیندوں پر 63 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، اس میں انہوں نے 4 چھکے اور اتنے ہی چوکے لگائے۔ لبوشین 61 گیندوں پر 70 رنز بنا کر بمرا کا شکار بن گئے۔390 کے جواب میں بھارت کی ابتدائی 2 وکٹ 60 کے اسکور پر گر گئیں۔ شیکھر دھون 30 اور ماینک اگروال 28 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ تیسری وکٹ پر کپتان ویرات کوہلی اور شریاس ائیرنے اسکور میں 93 رنز کا اضافہ کیا،ائیرنے 38 رنز کی اننگز کے دوران 5 بار گیندوں کو باؤنڈری کا راستہ دکھایا۔ اس کے بعد ویرات کوہلی نے کے ایل راہول نے اسکور 225 تک پہنچایا، اس موقع پر کوہلی 89 رنز پر ہمت ہار گئے۔ جبکہ راہول نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 76 رنز کی اننگز کھیلی۔ راہول کے بعد پانڈیا 28 اور جدیجا 24 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تو میچ مکمل طور پر آسٹریلیا کی گرفت میں آچکا تھا، محمد شامی ایک اور بمرا صفرپر آئوٹ ہوئے تو 50 اوورز میں بھارتی ٹیم کا اسکور 9 وکٹ پر 338 رنز تھا۔

تازہ ترین