• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ندیم ضحاوی کو انگلینڈ میں کورونا ویکسین کے اجرا کا وزیر بنا دیا گیا

لندن (پی اے) انگلینڈ میں کورونا ویکسین کے اجرا کے معاملات کی دیکھ بھال کیلئے ندیم ضحاوی کو وزارت کی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔ توقع کی جاتی ہے کہ انگلینڈ میں کورونا کی ویکسین کرسمس سے قبل ہی جاری کردی جائیں گی۔ اسٹریٹ فورڈ آن ایون کے علاقے سے منتخب ہونے والے رکن پارلیمنٹ ندیم ضحاوی اگلے سال موسم گرما تک ویکسین کی تقسیم کے کام کی نگرانی کریں گے۔ وزیر صحت میٹ ہنکوک نے کہا ہے کہ انھیں اس تقرری پر خوشی ہوئی ہے۔ ایک ٹوئٹ میں انھوں نے کہا کہ بہت بڑا کام ہمارے سامنے ہے، ایک عبوری انتظام کے تحت ندیم ضحاوی محکمہ صحت اور تجارت کے درمیان مشترکہ وزیر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے، ان کی بنیادی توجہ وزارت تجارت کے بہت سے شعبوں سے متعلق موجودہ ذمہ داریوں کو بالائےطاق رکھتے ہوئے ویکسین کی فراہمی پر ہوگی، ان کاتقرر گزشتہ 28 دن کے دوران مزید 479 افراد کی ہلاکت اور 58,030 افراد میں پازیٹو علامات پائے جانے کے بعد کیا گیا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے مزید 15,871پازیٹو مریض سامنے آگئے ہیں۔ ندیم ضحاوی نے اپنی نئی پوسٹ میں اپنی نئی ذمہ داریوں پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک بہت بڑا آپریشنل چیلنج ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ میں نے ویکسین تیزی کے ساتھ جاری کرنے کا عزم کر رکھا ہے، لوگوں کی زندگیاں اور روزگار بچانے ہماری اولین ترجیح ہے۔ ندیم ضحاوی انگلینڈ میں ویکسین کی تقسیم کے ذمہ دار ہوں گے جبکہ اسکاٹ لینڈ، ویلز اور شمالی آئرلینڈ کے حکام اپنے عوام کیلئے ویکسین کی تقسیم کے خود ذمہ دار ہوں گے۔ برطانوی حکومت نے Oxford/AstraZeneca کو ویکسین کی 100 ملین خوراکوں، Pfizer/BioNTech سے 40 ملین خوراکوں اور امریکی ادارے Moderna سے 5 ملین خوراکوں کی خریداری کے معاہدے کئے ہیں۔ Pfizer/BioNTech کی ویکسین کی تقسیم سب سے مشکل چیلنج ہوگا، کیونکہ اسے منفی 70 سینٹی گریڈ پر رکھنا لازمی ہے، جس کی وجہ سے اس کو رکھنے اور مختلف مقامات پر پہنچانا خاصا دشوار کن ہوگا۔ ندیم ضحاوی 9 سال کی عمر میں عراق سے برطانیہ آئے تھے، 2000 میں انھوں نے YouGov کے نام سے ایک ریسرچ ایجنسی قائم کی تھی اور کنزرویٹو پارٹی کی جانب سے ٹکٹ دیئے جانے تک وہ اس کے چیف ایگزیکٹو تھے۔ وہ مئی 2010 میں پہلی مرتبہ رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئے تھے، 2011 میں انھوں نے موجودہ وزیر صحت میٹ ہنکوک کے اشتراک سے بینکنگ کے دیوالیہ ہونے میں انسانی رویوں کے دخل پر Masters of Nothing کے نام سے ایک کتاب لکھی تھی، 2018 میں تھریسا مے کی حکومت میں انھیں وزیر تعلیم بنایا گیا تھا۔ بورس جانسن نے انھیں وزیر تجارت کی ذمہ داریاں دی تھیں، وہ شادی شدہ اور 3 بچوں کے باپ ہیں۔ محکمہ صحت اور سوشل کیئر کا کہنا ہے کہ برطانیہ دنیا میں سب سے پہلے کورونا ویکسین حاصل کرنے والے ملکوں میں شامل ہوگا۔

تازہ ترین