• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی ایئرلائن کو صرف اپنوں نے نہیں بلکہ غیروں نے بھی چونا لگایا ہے وہ بھی تھوک کے حساب سے، قومی ایئرلائن کو مالی نقصان پہنچانے پر ایف آئی اے میں دو غیر ملکیوں کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا، سابق قائم مقام جرمن سی ای او برنڈ ہلڈربرانڈ اور عارضی کنسلٹنٹ آسٹریلین نژاد ہیلموٹ بیچونفر کو نامزد کیا گیا ہے، ڈپٹی ڈائرکٹر عبدالرؤف شیخ کا بتانا ہے کہ غیر قانونی تقرری سے قومی خزانے کو 50 لاکھ سے زیادہ نقصان پہنچایا گیا۔

ایف آئی اے کے مطابق دونوں غیر ملکیوں کیخلاف مقدمہ کارپوریٹ کرائم سرکل میں درج کیا گیا ہے، ایف آئی آر کے مطابق 4 سال قبل پی آئی اے انجینئرنگ ڈائریکٹر نے ایک اسامی کیلئے ریکوزیشن کی، سابق قائم مقام جرمن سی ای او نے مروجہ قوانین کے برخلاف تقرری کرلی۔

ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ آسٹریلین نژاد ہیلموٹ بیچونفرکی بطور کنسلٹنٹ تقرری بھی خلاف قانون کی گئی،تین ماہ کیلئے آسٹریلین کنسلٹنٹ کو 15 ہزار ڈالر اور دیگر پرتعیش مراعات پر رکھا گیا۔


درج ایف آئی آر کے مطابق یہ اقدام کانٹریکٹ رولزریگولیشن کے منافی اور مجاز اتھارٹی کی اجازت کے بغیر کیا گیا جس سے قومی خزانے کو اس سے کم از کم 50 لاکھ روپے سے زیادہ کا نقصان پہنچا۔


ڈپٹی ڈائرکٹر عبدالرؤف شیخ کا کہنا ہے کہ دونوں غیر ملکیوں کی گرفتاری کے لیے کوششیں شروع کردی ہیں۔

تازہ ترین