• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت کی جانب سے گردوارہ بابا گرو نانک دیو صاحب پر فلمایا گیا نغمہ جاری

اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک)حکومت پاکستان کی جانب سے مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لئے سکھ برادری کے مقدس ترین مقامات میں سے ایک گردوارہ بابا گرو نانک دیو صاحب پر فلمایا گیا نغمہ جاری کیاگیا ہے۔ وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے جاری کیے جانے والے اس نغمے کی عکسبندی سکھ برادری کو اپنے مقدس مقام گردوارہ دربار صاحب ، کرتار پور، نارووال تک مفت ویزا رسائی کیلئے کرتار پور راہداری کے آغاز کے تناظر میں کی گئی ہے۔نغمے میں بھارتی تامل اداکارہ پونم کوراور فیملی کوگردوارے اور فیصل مسجد پاکستان کے دیگر اہم مقامات کی زیارت کرتے ہوئے دکھانے کے علاوہ اس حوالے سے ان کے تاثرات بھی ویڈیو میں شامل کیے گئے ہیں۔کرتار پورراہداری کھولے جانے کے ایک سال مکمل ہونے پر جاری کیے جانے والے اس گیت میں سکھ زائرین کوپاکستان میں داخل ہوکر گرداروہ ننکانہ صاحب کی زیارت کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔گردوارہ بابا گرو نانک دیو صاحب ضلع نارووال میں شکر گڑھ کے علاقے میں واقع ہے۔سکھ برادری کے لیے اس مقدس ترین مقام تک بھارتی زائرین کی آسان رسائی کیلئے حکومت پاکستان نے نومبر 2019میں کرتار پور راہداری کھولی تھی جس کے ذریعہ بھارتی سکھ زائرین بغیرویزا کے پاکستان داخل ہوکر زیارت کرتے ہیں۔مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور اقلیتوں کے حقوق سے متعلق حکومت پاکستان کے اس اقدام پراسے دنیابھرمیں سراہا گیا تھا۔ویڈیو میں پونم کور اور ان کی فیملی سفری سہولیات فراہم کرنے اور اپنے طویل ادھورے خوابوں کو پورا کرنے کے حوالے سے وزیر اعظم عمران خان سے اظہارتشکربھی کررہے ہیں۔

تازہ ترین