• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی ڈاکٹر نے کورونا کے بزرگ مریض کو گلے لگا لیا

امریکی ڈاکٹر کی کورونا وائرس کے بزرگ مریض کو تسلّی دیتے دل دہلا دینے والی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق ٹیکساس کے ایک اسپتال میں کورونا وائرس کے مریضوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹر جوزف ورون مسلسل 252ویں دن کام کر رہے تھے کہ اچانک اُنہوں نے کورونا وائرس کے انتہائی نگہداشت وارڈ (آئی سی یو) میں ایک پریشان بزرگ کو دیکھا۔

آئی سی میں زیرِ علاج بزرگ شخص کورونا وائرس کا مریض تھا اور وہ کافی پریشان اور خوف زدہ تھا، بزرگ شخص کو دیکھنے کے بعد ڈاکٹر جوزف ورون اُن کے پاس گئے اور اُنہیں تسلّی دی، اسی دوران ایک فوٹو گرافر نے دل کو چُھوجانے والے منظر کو کیمرہ کی آنکھ میں قید کرلیا۔

اس واقعے کے بعد فوٹو گرافر نے یہ تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کردی جسے دیکھتے ہی دیکھتے خوب مقبولیت حاصل ہوئی اور ہر ایک نے اس پر جذباتی ردِعمل دیا۔

دوسری جانب ڈاکٹر جوزف ورون نے بین الاقوامی خبررساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’میں کورونا آئی سی یو میں داخل ہوا تو میں نے ایک بزرگ کورونا مریض کو روتے ہوئے دیکھا جس کے بعد میں اُس شخص کے پاس گیا اور اُن سے رونے کی وجہ پوچھی۔‘

ڈاکٹر جوزوف نے بتایا کہ ’میرے  سوال کا جواب دیتے ہوئے بزرگ مریض نے کہا کہ وہ اپنی اہلیہ کے ساتھ رہنا چاہتا ہے۔‘

امریکی ڈاکٹر نے کہا کہ ’مریض کا جواب سُنتے ہی میں نے اسے گلے سے لگا لیا کیونکہ مجھے اس کے لیے بہت افسوس ہوا اور مجھے بھی ان کی طرح ہی بہت دُکھ ہو رہا تھا۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’میرے ایسا کرنے سے بزرگ مریض کو بہتر محسوس ہوا اور انہوں نے رونا بند کر دیا۔‘

اُن کا کہنا تھا کہ ’کورونا وائرس کی وجہ سے الگ تھلگ رہنا بہت سارے مریضوں خصوصاََ بوڑھوں کے لیے کافی مشکل ہوتا ہے کیونکہ جب ہم بوڑھے ہوجاتے ہیں تو ہم نہیں چاہتے کہ ہم تنہا رہیں۔‘

ڈاکٹر جوزوف نے کہا کہ ’اس بزرگ  کی طبیعت میں بہتری آرہی ہے اور ہمیں اُمید ہے کہ وہ اس ہفتے کے اختتام سے قبل اسپتال سے ڈسچارج ہوجائیں گے۔‘

آخر میں اُنہوں نے کہا کہ ’براہِ کرم کورونا وائرس کی احتیاطی تدابیر اختیار کریں، سماجی فاصلہ برقرار رکھیں، ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے گریز کریں اور ماسک کا استعمال کریں۔‘

وضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد6 کروڑ 35 لاکھ 89 ہزار 301 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس موذی وائرس سے ہلاکتیں 14 لاکھ 73 ہزار 920 ہو گئیں۔

تازہ ترین