• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عامر اور جوہی نے فلم عشق کے سیٹ پر مذاق کے بعد کبھی ساتھ کام نہیں کیا

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بولی وڈ اداکار عامر خان اور اداکارہ جوہی چاولہ نے ایک ساتھ بولی وڈ میں قدم رکھا تھا۔ 1988میں ریلیز ہوئی ’قیامت سے قیامت تک’ عامر خان اور جوہی چاولہ کی پہلی بولی وڈ فلم تھی اور اپنی پہلی فلم سے ان دونوں نے ہنگامہ مچا دیا تھا۔ اس کے بعد بھی یہ جوڑی کئی فلموں میں نظر آئی، لیکن پھر ایسا کیا ہوا جو فلم ’عشق ‘ کے بعد دونوں کبھی بھی بڑے پردے پر ساتھ نظر نہیں آئے۔ حال ہی میں فلم ’عشق’ کی ریلیز کو 23 سال پورے ہوئے۔ یہ فلم 28 نومبر 1997 کو پورے ملک میں ریلیز ہوئی تھی۔ فلم ہٹ بھی ہوئی۔ اس فلم میں عامر خان اور جوہی چاولہ کے علاوہ اجے دیوگن اور کاجول بھی اہم کردار میں تھے۔ جب فلم ’عشق’ کی شوٹنگ جاری تھی تو سیٹ پر ایک بار پھر عامر خان نے جوہی چاولہ سے ایسا مذاق کیا، جو ان کے رشتے پر بھاری پڑ گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق شوٹنگ سیٹ پر عامر خان نے جوہی چاولہ کا ہاتھ مانگا اور کہا کہ انہیں جیوتشی کا علم آتاہے، تو جوہی چاولہ نے اپنا ہاتھ دکھانے کے لئے عامر خان کو اپنا ہاتھ آگے کردیا، لیکن عامر خان نے جوہی چاولہ پر تھوک دیا، جس سے وہ بہت ناراض ہوگئیں۔ جوہی چاولہ کو عامر خان کا وہ مذاق بالکل پسند نہیں آیا۔عامر خان کے اس مذاق کے سبب جوہی چاولہ فلم تک چھوڑنے کو تیار ہوگئی تھیں، لیکن بعد میں کسی طرح فلم مکمل کی۔ فلم کی شوٹنگ کے دوران دونوں ایک دوسرے سے الگ رہنے لگے تھے اور یہ سلسلہ تقریباً 5 سال تک جاری رہا۔ عامر خان اور جوہی چاولہ نے 5 سال تک ایک دوسرے سے بات چیت بھی نہیں کی، لیکن بعد میں چیزیں بہتر ہوئیں اور دونوں کے درمیان بات چیت شروع ہوئی۔ حالانکہ اس حادثہ کے بعد دونوں پھر کبھی کسی فلم میں ساتھ نظر نہیں آئے۔

تازہ ترین