• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جونی ڈیپ کو 2لاکھ پاؤنڈ ہرجانے کے کیس میں وکلاء کو 6لاکھ پاؤنڈ ادائیگی کا حکم

لندن (مانیٹرنگ ڈیسک)ہولی وڈ اداکار 57 سالہ جونی ڈیپ کے خلاف گزشتہ ماہ 2نومبر کو برطانوی عدالت نے سابق اہلیہ امبر ہرڈ پر تشدد کا فیصلہ دیتے ہوئے قرار دیا تھا کہ شواہد سے معلوم ہوتا ہے کہ اداکار نے اہلیہ کو تشدد کا نشانہ بنایا۔لندن ہائی کورٹ نے مذکورہ فیصلہ جونی ڈیپ کی جانب سے برطانوی اخبار ’دی سن‘ کے خلاف اپریل 2018 میں دائر کیے گئے 2 لاکھ پاؤنڈ کے ہرجانے کے کیس میں سنایا تھا۔جونی ڈیپ نے برطانوی اخبار کے خلاف جھوٹا مضمون شائع کرنے کے الزام میں ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا تھا۔اخبار نے جونی ڈیپ کے خلاف فیصلہ دیتے ہوئے ہرجانے کا دعویٰ مسترد کردیا تھا اور اب اسی کیس میں عدالت نے جونی ڈیپ کو حکم دیا ہے کہ وہ اخبار کو وکلا کی فیس کی مد میں کم از کم 6 لاکھ 30 ہزار پاؤنڈ کی رقم ادا کرے۔ لندن کی عدالت نے جونی ڈیپ کو حکم دیا ہے کہ وہ برطانوی اخبار دی سن کو ہرجانے کے کیس میں وکلا کی خدمات حاصل کرنے پر خرچ ہونے والی رقم ادا کرے اور ابتدائی طور پر اداکار اخبار کو 6 لاکھ 30 ہزار پاؤنڈ کی رقم ادا کرے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ جونی ڈیپ نے اسی مقدمے میں محض 2 لاکھ پاؤنڈ ہرجانے کا دعویٰ کیا تھا اور انہیں 2لاکھ پاؤنڈ لینے کے بجائے ابتدائی طور پر ساڑھے 6لاکھ پاؤنڈ دینے پڑ گئے اور خیال کیا جا رہا ہے کہ انہیں مزید رقم ادا کرنے کا حکم بھی دیا جا سکتا ہے۔برطانوی عدالت نے جونی ڈیپ کی اس درخواست کو بھی مسترد کردیا، جس میں انہوں نے 2 نومبر کے اپنے خلاف فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی درخواست کی تھی۔

تازہ ترین