کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر ) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ جمعیت طلبہ عربیہ نے نوجوان ذہنوں کی تبدیلی اور دعوت و تبلیغ کے میدان میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے ، طلبہ جدید علوم اور جدید نظریات سے گہری آگاہی حاصل کریں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نور حق میں رابطۃ الاخوان و جمعیت طلبہ عربیہ کراچی کے زیر اہتمام رابطۃ الاخوان کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ کنونشن میں جمعیت طلبہ عربیہ کے سابقین نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ جماعت اسلامی کراچی کی میزبانی میں ہونے والے کنونشن سے جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان کے منتظم اعلیٰ مولانا حافظ شمشیر شاہد ، سابق منتظم کراچی و مہتمم جامعۃ الاخوان مولانا عبدالوحید ، صوبہ سندھ کے منتظم مولانا محمد افضل ، کنونشن کے کنوینر مولانا قاسم رشید ، کراچی کے ناظم رضوان جعفرانی ، منتظم کراچی حافظ اعجاز الحق اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ کنونشن میں جمعیت طلبہ عریبہ سے وابستہ پی ایچ ڈی اور ایم فل کی ڈگری حاصل کرنے والوں کو خصوصی انعامات اور شیلڈز بھی پیش کی گئی ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جمعیت طلبہ عربیہ کے فارغ التحصیل افراد کےلیے ضروری ہے کہ سیکھنے اور حصول علم کے عمل کو مسلسل جاری رکھیں ، جدید علوم اور جدید نظریات سے گہری آگاہی حاصل کریں اور درس و تدریس سے تعلق کو ہمیشہ جوڑے رکھیں ، آج کے دور میں بڑے چیلنجز درپیش ہیں ، ان سے نمٹنے کےلیے ان سے گہری واقفیت اور ان کو قرآن و سنت کی روشنی میں سمجھنے کی ضرورت ہے ۔