• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پبس میں داخلہ کیلئے کورونا سرٹیفکیٹ کی خبریں بے بنیاد ہیں،مائیکل گوو

راچڈیل(نمائندہ جنگ)برطانوی کابینہ کے وزیر مائیکل گوو نے شہریوں کے پب میں جانے کیلئے کورونا استثنیٰ سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بارے میں کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے، تاہم کورونا انفیکشن کی شرح کے اتار چڑھائو کا بغور جائزہ لیا جا رہا ہے اور حکومتی فیصلوں کے مطابق ہی پب اور ریستوران وغیرہ میں جانے کیلئے عوام کو اجازت دی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بارز اور ریستوران میں داخل ہونے کیلئے کورونا ویکسین دینے سے متعلق سرٹیفکیٹ کی خبریں بے بنیاد اور افواہیں ہیں۔ واضح رہے کہ ویکسین منسٹر ندھم زاہاوی نے گزشتہ روز ایک اشارہ دیا تھا کہ کچھ مقامات پر داخلے کیلئے کورونا کلیئر ہونے سے متعلق ثبوت پر اصرار کیا جا سکتا ہے۔ برطانیہ کورونا ویکسین کے 357ملین خوراک کا آرڈر دے چکا ہے، یہ امر قابل ذکر ہے کہ ہوائی سفر کرنیوالے مسافروں سے استثنیٰ پاسپورٹ طلب کرنے سے متعلق سوچ بچار جاری ہے سے متعلق سوال پر مائیکل گو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نہیں ایسی کوئی منصوبہ بندی نہیں کی جا رہی، انہوں نے کہا کہ حکومت کی تمام تر توجہ کورونا کے انفیکشن کو روکنے پر مرکوز ہے اور اب چاہتے ہیں کہ ویکسین کو مارکیٹ میں لانے کے بعد زیادہ سے زیادہ لوگوں تک اسکی رسائی ممکن ہو اور موذی مرض سے نجات حاصل کی جا سکے، ارکان پارلیمنٹ آج وزیر اعظم کے نئے کورونا وائرس اقدامات پر اپنا فیصلہ دینے جا رہے ہیں جہا ںانہیں ٹوری پارٹی کی طرف سے زبردست دبائو کا سامنا کرنا پڑیگا ،نوٹنگھم ٹرینٹ یونیورسٹی کے حکومتی مشیر پروفیسر رابرٹ ڈنگ وال نے کہا ہے کہ عام طور پر ویکسین پاسپورٹ کا خیال بھی عجیب ہے کیونکہ اس بارے عوام کی رائے منفی ہی رہے گی یونیورسٹی آف ایکیسٹر لاء سکول کے ڈاکٹر انا بیڈوشی نے بتایا کہ صحت کے پاسپورٹ میں ڈیٹا کی رازداری اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے ضروری سوالات موجود ہیں۔
تازہ ترین