• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کارروائی ، گندے پانی سے کاشت فصلیں تلف

اکوئٹہ(خ ن)بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے گندے و سیوریج کے پانی سے کاشت کی گئیں سبزیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے شہر کے مختلف علاقوں جنگل باغ اور سرور ٹاؤن میں وسیع اراضی پر گندے نالوں کے زہریلے پانی سے کاشت و تیار کردہ سبزیوں کی فصلیں تلف کردیں ،ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی ابراہیم بلوچ کی خصوصی ہدایت پر بی ایف اے حکام نے کارروائی کے دوران مذکورہ کھیتوں کو سیوریج کے پانی کی فراہمی کے ذرائع بھی منقطع کردیئے جنہیں ملحقہ نالوں کے پانی سے سیراب کر کےمختلف سبزیاں کاشت کی گئی تھیں۔ بی ایف اے کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے کارروائی ڈائریکٹر آپریشنز غلام مرتضیٰ کی سربراہی میں کی۔ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی ابراہیم بلوچ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ حکومتی پابندی کے باوجود زہریلے پانی سے سبزیوں کی کاشت کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، بی ایف اے دیگر علاقوں میں بھی سیوریج کے گندے پانی سے مضر صحت سبزیوں کی کاشت کے تدارک کیلئے کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھے گی،واضح رہے کہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے متعدد بار بذریعہ اخبارات اور انتباہ نوٹسز زمیندار وں اور کاشتکار وںکو تنبیہ کی جا چکی ہے جبکہ انہیں دیگر فصلیں اُگانے کے حوالے سے بھی ہدایات دی گئیں،لیکن اس کے باوجود گندے نالوں کے پانی سے سیراب کھیتوں میں سبزیاں کاشت کرنے کا سلسلہ ترک نہیں کیاگیا۔
تازہ ترین