• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا تباہ کاریاں اپنی جگہ‘تبدیلی وائرس سے نجات اہم ضرورت‘عمرانی

کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن صادق عمرانی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی تباہ کاریاں اپنی جگہ ایک مسلمہ حقیقت ہے لیکن ملک کے گمبھیر حالات کے پیش نظر مسلط کردہ تبدیلی وائرس سے نجات وقت کی اہم ضرورت کے طور پر منظرعام پر آچکی ہے بند کمروں میں کئے جانے والے فیصلے اور ان کی وجہ سے عوام کی بڑھتی ہوئی معاشی بدحالی توانائی اشیائے ضروریہ کا مصنوعی بحران بے روزگاری میں تاریخی اضافہ جھوٹے الزامات و مقدمات اپوزیشن کو کچل ڈالنے کیلئے آزمائے جانے والے حربے وفاداری اور غداری کے بانٹے جانے والے سرٹیفکیٹ ساحل و وسائل کی بندربانٹ لاقانونیت اور دہشت گردی کا پھر سے سراٹھانا ہی تبدیلی وائرس کی اصل حقیقت سے پردہ اٹھانے کے لئے بہت کافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیازی سروسز علیمہ باجی کی سلائی مشین بنی گالہ کا محل کھربوں روپے کی غیرملکی فنڈنگ اسٹیٹ بینک کی جانب سے 23 خفیہ اکائونٹس کا پکڑا جانا آٹے چینی کی کھلے عام تاریخ ساز چوری مالم جبہ اسکینڈل بلیکن ٹرمی سونامی میں اربوں روپے کا خوردبرداور ایسا بہت کچھ تبدیلی سرکار کا بستر گول ہوتے ہی منظر عام پر آجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قوم پی ڈی ایم کی عوامی تائید سے بھرپور سیاسی بھٹی کو پھر سے گرما دیا ہے، لوہا گرم ہوچکا ہے بس ایک آخری ضرب مارنے کی دیر ہے جو 13دسمبر کو زندہ دلان لاہور تبدیلی سرکار کے بکھرتے ہوئے وجود پر دے ماریں گے۔ قوم کی جانب سے لگائی جانے والی عدالتوں نے تو ان کٹھ پتلیوں کی منفی طرزسیاست و طرزعمل کے خلاف اپنا فیصلہ دے دیا ہے اور اس عوام دشمن مسلط کردہ تبدیلی کو یکسر مسترد کردیا ہے اور حکمرانوں کو اپنی کمین گاہوں کی طرف پلٹ جانے کا عندیہ بھی دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرنٹ فٹ پر کھیلنے کے شوقین تحریک کے زور پکڑتے ہی اب بیک فٹ پر چلے گئے ہیں ملتان کے جلسے کو بزور طاقت روکنے کی ناکام کوششیں اور پھر یکدم پیچھے ہٹ جانے کا عمل حواس باختہ اور خوف طاری ہونے کے مترادف ہے۔
تازہ ترین