برطانوی کمپنی نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے دنیا کا پہلا جراثیم کش اینٹی مائیکروبیئل اسمارٹ فون تیار کرلیا ہے۔
انگلینڈ کی بلٹ اٹ نامی کمپنی کے مطابق اسمارٹ فون کو جراثیم کش بنانے کے لیے فون کی تیاری میں سلور آئن شامل کیے گئے جس کے تحت اسمارٹ فون 15 منٹ میں بیکٹریا کی تعداد کو 80 فیصد اور 24 گھنٹے کے اندر اندر 99.9 فیصد تک ختم کردیتا ہے۔
کیٹ ایس 42 نامی یہ فون امریکن برانڈ کیٹرپلر کی جانب سے تیار کیا گیا ہے اور کمپنی کی جانب سے موبائل فون کی قیمت 229 پاؤنڈ طے کی گئی ہے تاہم دنیا کے پہلے جراثیم کش اسمارٹ فون کو 2021 میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔
کیٹ ایس42 اسمارٹ فون کی تیاری میں بائیو ماسٹر اینٹی مائیکرو ٹیکنالوجی تہہ کا اضافہ کیا گیا ہے یہ تہہ موبائل فون کے ذریعے جراثیم کے پھیلاؤ کو کم کرتی ہے۔
اس کے باوجود کمپنی دعویٰ کرتی ہے کہ ان کا اسمارٹ فون مکمل طور پر واٹر پروف ہے جس کی صفائی کے لیے صارف صابن کے ساتھ ساتھ بلیچ کا استعمال بھی کرسکتے ہیں۔
کمپنی کے نائب صدر کے مطابق موجودہ ماحول میں کیٹ ایس 42 اسمارٹ فون صارف کے تحفظ کو یقینی بنائے گا۔