• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کاون کو منتقل کرانیوالی ’شیر‘ کو ناخوشگوار صورتحال پر اچانک جانا پڑا

اسلام آباد سے 36 سالہ ہاتھی کاون کو کمبوڈیا منتقل کرنے میں اہم کردار ادا کرنے والی امریکی گلوکارہ شیر کچھ ناخوش گوار صورتِ حال پیش آنے کے سبب اپنا دورہ ادھورا چھوڑ کر اسلام آباد سے واپس چلی گئیں۔

اسلام آباد کے چڑیا گھر میں 35 سال تک بچوں کا دل بہلانے والے کاون کی منتقلی میں کردار ادا کرنے والی امریکی گلوکارہ شیر کو کچھ ناخوش گوار صورتِ حال کی وجہ سے اپنا دورہ ادھورا چھوڑ کر اسلام آباد سے جانا پڑا۔

کاون 2012ء میں اپنی دوست کے مرنے کے بعد سے تنہائی اور ڈپریشن کا شکار تھا، جس کی نشاندہی پہلی بار چڑیا گھر میں آنے والی ایک طالبہ نے کی تھی جس نے کاون کو پنجرے میں بری طرح سر ہلاتے دیکھا تھا۔

امریکی گلوکارہ شیر نے کاون کی اس تنہائی کے خاتمے کے لیے اہم کردار کرتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر مہم چلائی۔

کاون کی روانگی کے موقع پر 74 سالہ امریکی گلوکارہ شیر خود بھی پاکستان پہنچ گئیں جہاں انہوں نے وزیرِ اعظم عمران خان سے ملاقات کی۔

اس دوران شیر کو وزارتِ موسمیات تبدیلی کی جانب سے پاکستان کے لیے جانوروں کے تحفظ کا خیرسگالی سفیر بننے کی بھی پیشکش کی گئی مگر خود کو سیاسی معاملات سے علیحدہ رکھنے والی شیر نے یہ پیشکش مسترد کرتے ہوئے معذرت کر لی۔


ذرائع کے مطابق امریکی گلوکارہ اپنا دورہ بھی ادھورا چھوڑ کر واپس چلی گئیں جس کا سبب وزارتِ موسمیاتی تبدیلی کی جانب سے ان سے پوچھے بغیر مشترکہ نیوز کانفرنس کرنے کے اعلان کو بتایا جارہا ہے۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ امریکی گلوکارہ شیر سمجھتی ہیں کہ پاکستانی حکومت ان کے ہمراہ مشترکہ نیوز کانفرنس سے سیاسی پوائنٹ اسکورنگ چاہتی تھی۔

تازہ ترین