• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آر ایم آئی کینٹین منیجر سمیت 17گرانفروش گرفتار

پشاور(وقائع نگار) محکمہ خوراک نے آر ایم آئی کینٹین منیجر سمیت 17گرانفروشوں کو گرفتار کرلیا۔ وزیراعلیٰ کے مشیر برائے خوراک میاں خلیق الرحمان اور محکمہ خوراک کے اعلیٰ حکام کی ہدایت پر راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر تسبیح اللہ نے پاکستان سٹیزن پورٹل پر درج شکایات پر کارروائی کرتے ہوئے آر ایم آئی کینٹین کے منیجر کو مقررہ نرخوں سے تجاوز کرنے پر بعد ازاں ناصر باغ‘ ہشت نگری اور یکہ توت میں اشیائے خوردونوش کے دکانوں پر معیار کو چیک کیا اور نرخوں سے متعلق آگاہی حاصل کی۔ سرکاری نرخنامے سے تجاوز کرنے پر 16 افراد کو گرفتار کر کے ان کے خلاف متعلقہ تھانوں میں مراسلے جمع کردیئے۔ گرانفروشوں میں سبزی و پھل فروش‘ دودھ و دہی فروش‘ قصائی‘ نانبائی‘ بیکری و جنرل سٹور مالکان اور دیگر شامل ہیں۔ راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر نے اپنے دفتر سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا ہے کہ شہری گرانفروشوں کی نشاندہی کریں جن کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بار بار گرانفروشی کے مرتکب افراد کو جیل بھیجنے سمیت ان کے دکانوں کو سیل کیا جائیگا۔ انہوں نے اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرز اور فوڈ انسپکٹرز کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں جاری رکھیں اور سرکاری نرخناموں پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔
تازہ ترین