• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مغوی شہری کی بازیابی کیلئے مہلت ‘ سماعت 10 جنوری تک ملتوی

پشاور(نیوز رپورٹر) پشاور ہائیکورٹ نے ضلع خیبر سے اغوا ہونے والے شہری کی بازیابی کیلئے ایک ہفتے کی مہلت دیتے ہوئے کیس پر سماعت 10 جنوری تک ملتوی کردی گئی۔قائمقام چیف جسٹس قیصر رشید اور جسٹس سید ارشد علی پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کیس پر سماعت کی۔ عدالت میں ڈی پی او خیبربھی پیش ہوئے۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ نور محمد کو اغوا ہوئے ڈھائی سال ہو گئے مگر انتظامیہ تاحال اس کو بازیاب نہ کرا سکی، مغوی کو ضلع خیبر کے زخہ خیل بازار سے اغوا کیا گیاتھا، اس موقع پر جسٹس قیصررشید نے ڈی پی او خیبر سے استفسار کیا کہ ڈھائی سال قبل اغوا ہونے والے شہری کو ابھی تک کیوں بازیاب نہیں کیا گیا؟ کیا ضلع خیبر پاکستان کا حصہ نہیں؟ جس پر ڈی پی او خیبر نے عدالت کو بتایا کہ سرحدی علاقہ ہے اسلئے کارروائی میں مشکلات کا سامنا ہے جس پر جسٹس قیصررشید نے کہا کہ ضلع خیبر اب فاٹا نہیں رہا آپ کا ایس ایچ او کیوں کام نہیں کر رہا۔ آئندہ سماعت پر بندہ عدالت کے سامنے ہونا چاہیے ۔فاضل بنچ نے پولیس حکام کو مغوی کی بازیابی کےلئے ایک ہفتے کا وقت دیتے ہوئے سماعت 10 جنوری تک ملتوی کردی۔
تازہ ترین