• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پلاسٹک کے کچرے کے نظام کو منظم بنانے کیلئے تحقیقی رپورٹ کا اجراء

پشاور (خصوصی نامہ نگار) ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان نے غیر سرکاری فاؤنڈیشن کے تعاون سے پلاسٹک سے پیدا ہونے والے کچرے کے نظام کی منظم منصوبہ بندی کے لئے پاکستان میں اپنی نوعیت کی پہلی تحقیقاتی رپورٹ جاری کر دی۔ یہ رپورٹ پلاسٹک سے پیدا ہونے والے کچرے کے موجودہ نظام تلفی اور سپلائی چین کو سمجھانے ، پلاسٹک سے پیدا ہونے والے کچرے سے منسلک تمام متعلقین کے نظام تلفی کے حوالے سے خیالات اور تجاویز کو اجاگر کرنے سے متعلق ہے ، ان میں غیر روایتی شعبہ سے جڑے خانہ بدوش، کباڑی ، ری سائیکلنگ کا کام کرنے والے ، روایتی شعبہ میں کام کرنے والی عوامی اور نجی ویسٹ مینجمنٹ کمپنیاں جبکہ کمرشل شعبہ سے منسلک ہوٹلز، تعلیمی ادارے، ریسٹورنٹس اور پی ای ٹی بوتلوں کے گھریلو صارفین شامل ہیں۔ اس ضمن میں پاکستان کے 10 منتخب شہروں میں پی ای ٹی پلاسٹک کچرے کے استعمال، جمع ، تلفی اور ری سائیکلنگ کے حوالے سے انٹرویوز اور سروے کے ذریعے ڈیٹا اکھٹا کیا گیا ۔ اس معلوماتی تحقیق کا مقصد یہ تھا کہ حکومت اور ماحولیاتی پالیسی کی منصوبہ بندی کے حوالے سے متعلقین کو رہنمائی فراہم کی جاسکے ۔ تقریب میں وزارت موسمیاتی تبدیلی کی سیکرٹری ناہید شاہ درانی ،فائونڈیشن کے وائس پریذیڈنٹ اور جنرل منیجر فہد اشرف ، ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے سی ای او حماد نقی خان ، واٹر، فوڈ اینڈ کلائمیٹ کے سینئر ڈائریکٹر ڈاکٹر مسعود ارشد، اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی)، سی ڈی اے، جی آئی زیڈ، وفاقی حکومت کے ماحولیاتی تحفظ کے ادارے کے نمائندوں اور پاکستان کے پہلے پلاسٹک پیکیجنگ اتحاد کور (CoRe) کے اراکین نے شرکت کی۔
تازہ ترین