• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ڈی ایم جلسوں سےکورونا وائرس پھیلا رہی ہے، بزدار

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کاکہنا ہے کہ بدقسمتی سے پی ڈی ایم جلسوں کے ذریعے کورونا وائرس پھیلارہی ہے، ان عناصرکی قسمت میں صرف رونا لکھا ہے، یہ 13 دسمبر کے بعد بھی روتے رہیں گے، حکومت جانے والی نہیں ہے۔

وزیر اعلیٰ عثمان بزدار سے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے یوتھ افیئرز عثمان ڈار نے ملاقات کی ،ملاقات میں وزیراعظم کے دورۂ سیالکوٹ کے انتظامات کا جائزہ لینے کے علاوہ، سیاسی معاملات اور ٹائیگرز فورس کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

عثمان ڈار نے کہاکہ کامیاب نوجوان تحریک انصاف کی حکومت کا فلیگ شپ پروگرام ہے، نوجوانوں کو اس پروگرام کے ذریعے بااختیار بنایا جا رہا ہے۔

ان کاکہنا تھا کہ ٹائیگرز فورس کے نوجوان ہماری طاقت ہیں،انہوں نےعملی میدان میں عوام کی خدمت کرکےنئی مثال قائم کی ہے۔

عثمان ڈار نےکہاکہ اپوزیشن ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کو اپاہج کرنے کی سازشوں میں مصروف ہے، عقل سےناپید اپوزیشن کےجعلی لیڈروں کو صورتحال کا ادراک نہیں۔

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے یوتھ افیئرز نے کہا کہ پی ڈی ایم ملک دشمن قوتوں کا ایجنڈا لے کر چل رہی ہے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ سیاست انتشار اور افراتفری پھیلانے کا نام نہیں، عوام کے مسترد شدہ عناصر ترقی کا سفرروکنا چاہتے ہیں، یہ ٹولہ صرف اپنی کرپشن بچانے کیلئے اکٹھا ہے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ملک کو لوٹنے والوں کو کبھی این آر او نہیں دیں گے۔

تازہ ترین