• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زمین پر قبضے کا الزام، نون لیگی رہنماؤں کے کارندوں پر مقدمہ


محکمۂ اینٹی کرپشن پنجاب نے لاہور میں زمینوں پر قبضےکے الزام میں مسلم لیگ نون سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں کے کارندوں کے خلاف مقدمات درج کر لیئے۔

اینٹی کرپشن حکام کے مطابق جن 4 ملزمان کے خلاف مقدمات درج کیئے گئے ہیں ان میں مبین داؤد، افضل خان، مبشر، محمد طارق اور محمد بوٹا شامل ہیں۔

اینٹی کرپشن حکام کا مزید کہنا ہے کہ مقدمات درج ہونے کے بعد ان ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ یہ چاروں ملزمان نون لیگی ایم این اے رانا مبشر، وحید گل اور سیف الملوک کھوکھر کے فرنٹ مین ہیں۔

ڈپٹی کمشنر مدثر ریاض نے 4 نئے ریفرنس ڈی جی اینٹی کرپشن کو بھجوائے تھے، قائم کیئے گئے ریفرنس کے مطابق سیف الملوک، وحید گل، رانا مبشر فرنٹ ان مینوں کے ذریعے زمینوں پر قبضے میں پیش پیش ہیں۔

ریفرنس کے مطابق سیف الملوک نے مبین داؤد، مبشر، افضل خان کی مدد سے 80 کنال اراضی پر قبضہ کیا۔

ڈپٹی کمشنر لاہور کے مطابق سیف الملوک کھوکھر سے یہ اراضی ضبط کر لی گئی ہے۔


ریفرنس کے مطابق سابق ایم پی اے وحید گل کا فرنٹ مین محمدطارق اور محمد نصر اللّٰہ ہیں، محمد طارق نے نواب پورہ میں سرکاری زمین پر عمارتیں اور دفتر بنا رکھا ہے۔

ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ ملزم طارق تاوان اور سرکاری فیس کی مد میں 1 کروڑ 37 لاکھ سے زائد کا نادہندہ ہے، ملزم نصر اللّٰہ نے ہربنس پورہ میں 7 کنال سے زائد اراضی پر فیکٹری بنا رکھی ہے، ملزم نصر اللّٰہ 35 لاکھ روپے سرکاری تاوان کا نادہندہ بھی ہے۔

ریفرنس کے مطابق ایم این اے رانا مبشر کا فرنٹ مین محمد بوٹا کینٹ میں 64 کنال سرکاری زمین پر قابض ہے، ملزم محمد بوُٹا 21 لاکھ 61 ہزار روپے سے زائد سرکاری تاوان کا نادہندہ بھی ہے۔

تازہ ترین