• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معصوم بچوں پرتشدد کرنےوالوں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے گا، فردوس عاشق


معاونِ خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ   معصوم بچوں پرتشدد کرنےوالوں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے گزشتہ روز فیصل آباد میں بہیمانہ تشدد کا نشانہ بننے والی بچی سے متعلق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنا ایک پیغام جاری کیا ہے ۔

ڈاکٹر فردوس عاشق نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ فیصل آباد میں گھریلو ملازمہ پر تشدد سماجی ناہمواریوں کا عکاس ہے۔

فردوس عاشق نے کہا ہے کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو کا دائرہ کار ضلعی سطح تک وسیع کیا جارہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ معصوم بچی کے تشدد میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرکے قانون کی عملداری کو یقینی بنائیں گے، سوموار کو بچی عدالت پیش کرنے کے بعد چائلڈ پروٹیکشن بیورو اپنی تحویل میں لے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز فیصل آباد میں بچی پر سرعام بے رحمانہ تشدد کا واقعہ پیش آیا تھا۔


منظرعام پرآنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کم عمر بچی کو مرد اور خواتین نے تھپڑ مارے بالوں سے پکڑ کر کھینچا، دھکے دیئے اور سڑک پر بھی پھینکا۔

کم عمر بچی پر تشدد کا مقدمہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے۔

تازہ ترین